پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ گجرات میں مسلمانوں کا قاتل مودی اب کشمیریوں کا قتل کررہا ہے۔
اسکردو میں جلسے سے خطاب میں بلاول نے کہا کہ تاریخ مودی کو صرف قاتل کے طور پر یاد رکھے گی، مودی باقی چھوڑے صرف سری نگر میں گھس کردکھائے اپنی حیثیت جان جائے گا۔
بلاول نے دعویٰ کیا کہ کشمیر کے ریفرنڈم میں لوگ ذوالفقارعلی بھٹو کو ووٹ دیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت کشمیری اسیر رہنماؤں کو رہا کرے، احتجاج کرنا ان کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے کہا تھا کشمیر کاز کیلئے ہزار سال جنگ لڑنی پڑی تو لڑیں گے، کشمیر کے عوام پاکستان کے طرف دیکھ رہے ہیں، آپ کو معلوم ہونا چاہیے 1971 کے بعد بھٹو نے ہتھیار نہیں ڈالے، کمزور پوزیشن کے باوجود ہزاروں ایکڑ زمین حاصل کی۔
بلاول نے کہا کہ ووٹ سے آنے والی حکومت کو عوام کا احساس ہوتا ہے، روزگار دینے کے صرف وعدے نہیں کرتی، وعدے پورے بھی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘مودی سے پوچھتا ہوں، تم نے کشمیریوں کو حقوق دیے ہیں تو کرفیو ہٹاؤ، سرینگر میں جلسہ کرو، پوچھو ان سے ،کشمیری بتائیں گے کہ تمہارے اس اقدام کی کیا حیثیت ہے۔