اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن نے بغیر اطلاع دیے چیئرمین سینیٹ کے عشائیے میں شرکت کرنے والے دو سینیٹرز کو شوکاز نوٹس دینے کا فیصلہ کرلیا۔
سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ ن لیگ کے دونوں سینیٹرز سے جواب لینے کے بعد ان کے خلاف ڈسپلنری ایکشن بھی لیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی جماعت کے 2سینیٹرز کلثوم پروین اور دلاور خان نے چیئرمین سینیٹ کے عشائیے میں پارٹی کو بغیر اطلاع دیے شرکت کی تھی۔
مشاہد اللہ خان نے یہ بھی کہا کہ پارٹی قیادت نے ان دونوں سینیٹرز کو اظہار وجوہ کا نوٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے چیئرمین سینیٹ کے خلاف جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پہ کارروائی کے لیے صدر مملکت نے یکم اگست کو سینیٹ کا اجلاس طلب کر رکھا ہے۔
حکومت اور اپوزیشن جماعتیں سینیٹ چیئرمین کے الیکشن کے لیے اپنی اکثریت دکھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
اسی دوران چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی طرف سے سینیٹرز کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے میں گزشتہ شب ن لیگ کے دو سینیٹرز کلثوم پروین اور دلاور خان نے بھی شرکت کی، جس پر مسلم لیگ ن کو سخت دھچکا لگا ہے۔