اینکر مرید عباس سمیت دو افراد کے قتل کی تحقیقات کے دوران انتہائی ہولناک انکشاف ہوا ہے کہ عاطف نے 40میڈیا پرسنز سے رقم ہتھیائی، 5کو قتل کا منصوبہ بنایا، اہلخانہ کو مانسہرہ بھیج کر منصوبے کے مطابق مرید اور دوست کو قتل کیا، ایک شخص جان بچانے میں کامیاب رہا، ملزم عاطف زمان نے رقم ٹائرز کے کاروبار کے نام پر حاصل کی ،اصل میں ملزم کوئی کاروبار کر ہی نہیں رہا تھا،اس نے میڈیا پرسنز سمیت دیگر کو شیشے میں اتار کر دھوکہ دہی سے رقوم حاصل کی،کسی دوسرے کے ٹائر کے کاروبار کو اپنا بنا کر پیش کیا،رقوم مرید عباس، اس کے دوستوں اور دیگر سے حاصل کی گئیں،تقریباً 40میڈیا پرسنز نے اپنی رقم انویسٹ کر رکھی تھی۔ تفصیلات کےمطابق اینکر مرید عباس سمیت دو افراد کے قتل کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہےکہ ملزم عاطف نے جن میڈیا پرسنز سے رقوم لی ہوئی تھیں وہ میڈیا پرسنز تمام بڑے اداروں سے منسلک ہیں،دیگر افراد نے بھی عاطف کا لائف اسٹائل دیکھ کر رقم انویسٹ کی، یہ معاملہ ایک محتاط اندازے کے مطابق دو سے ڈھائی ارب کا ہوسکتا
ہے،ملزم نے ڈبل شاہ طرز پر فراڈ سے رقم حاصل کی،ملزم عاطف زمان ماضی میں بہت ہی مشکل زندگی گزار رہا تھا، اچانک اس کے پاس پیسے اور فلیٹ ممکنہ طور پر اسی رقم سے آئے ،ملزم عاطف کے ہمراہ اس فراڈ میں مزید افراد بھی شامل ہیں، مرید عباس سمیت5افراد کے قتل کا منصوبہ 2سے 3روز قبل بنایا گیا،منصوبہ بندی کے بعد عاطف نے اپنے اہلخانہ کو مانسہرہ روانہ کردیا ،مرید عباس اور دیگر 4افراد اپنی رقم کا شدت سے تقاضہ کر رہے تھے،سب سے پہلے ملزم نے انہیں قتل کرنے کے لیے چنا،عمر نامی شخص فائرنگ کے وقت موقع سے بھاگ گیا تو بچ گیا،یہ بھی تحقیقات جاری ہیں کہ فائرنگ کے وقت وہاںکون کون موجود تھا،دیگر دو جن میں ایک اینکر بھی شامل ہے اسے بھی قریبی مقام پر بلوایا گیا تھا،ملزم کا بھائی عادل موقع سے فرار ہے، اس کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں،ملزم عاطف تمام5افراد کو قتل کرنا چاہتا تھا،ابتدائی تحقیقات کے مطابق وہ خود بھی خودکشی کرنا چاہتا تھاتاہم حتمی بات تحقیقات مکمل ہونے پر کہی جاسکے گی۔