فواد چوہدری ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کے بجائے ’’موبائل فون پیمنٹ‘‘ کے مشن پر

10سال اقتدار میں رہنے والے جیل جائیں گے

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جب کہیں گے سندھ میں تبدیلی آجائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سابق صدر کا تعلق چینی مافیا سے ہے، جنہیں آج ایک اور کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی ہے کہ درآمدات کو کم اور برآمدات کو بڑھایا جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک ارب ڈالر کی دال اور 2 ارب ڈالر کا تیل درآمد کرتا ہے۔

فواد چوہدری نے بلوچستان کو دیے جانے والے پیسے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اس صوبے کو 30 ہزار کروڑ روپیہ دیا گیا اس کا حساب کیا جانا چاہیے۔

گزشتہ 2 ادوار حکومت کو پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ کرپشن زدہ حکومت قرار دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پچھلے 10 سال میں پاکستان میں جو چوری ہوئی اس کا حساب نہیں ملتا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 10سال سے حکومت کرنے والے اب جیلوں میں نظر آئیں گے، کوئی بھی بچ نہیں پائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نچلی سطح پر کرپشن کا خاتمہ پاکستان کے لیے ضروری ہے کیونکہ اصل مسئلہ ہی پٹواری اور تھانے دار کی کرپشن ہے جس کے خاتمے سے عام آدمی کو سکون کا احساس ہوگا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس وقت اوپر کی کرپشن ختم ہوچکی ہے، اور نچلی سطح کی کرپشن میں واضح کمی آئی ہے اور اس میں مزید کمی آئے گی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کچھ وعدوں پر اقتدار میں آئی ہے جن میں شفاف حکومت، احتساب اور گڈ گورننس شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دوران احتساب کے عمل میں تیزی آئی ہے، شفاف حکومت فراہم کی ہے جس میں ایک سال کے دوران ایک بھی کرپشن کا الزام نہیں لگا جبکہ گڈ گورننس کی پوری کوشش جاری ہے۔ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس وزارت کو پہلے اہمیت نہیں دی جاتی تھی، تاہم یہاں اب پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران اس میں مزید بہتری لائی گئی ہے جبکہ اس کا بجٹ دیگر وزارتوں کے برابر رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ہمارے ریسرچ کے اداروں کو بہتر بناتے ہوئے اس کو صنعت کے ساتھ جوڑنا ہے تاکہ ہماری ذراعت، صنعت اور عام آدمی ترقی کرے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی توجہ بھی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب مبذول کروارہے ہیں جس کی وجہ سے اس شعبے میں تبدیلی آئے گی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی گرفتاری سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا نہیں بلکہ نیب کا فیصلہ ہے، تاہم یہاں مسئلہ یہ ہے کہ بلاول ملک سے باہر جاتے رہے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے جو اکاؤنٹ استعمال کیا اسی سے ایان علی کو بھی رقوم دی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری کو اس اکاؤنٹ کے بارے میں نہیں معلوم تھا تو پھر انہیں اپنے والد آصف علی زرداری کی مذمت کرنی چاہیے جنہوں نے انہیں اور ایان علی کو ایک ہی اکاؤنٹ سے پیسے دیے۔

پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے فاورڈ بلاک سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم اس جماعت کو نہیں توڑ رہے بلکہ یہ کام تو خود مریم نواز نے کردیا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے فواد چودہری نے کہا کہ جب شہباز شریف ملک سے باہر گئے تو مریم نواز نے اپنے چچا کی قیادت پر شب خون مارا اور عملی طور پر پارٹی اقتدار پر قبضہ کرلیا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جو لوگ مسلم لیگ (ن) میں سیاست کرتے ہیں وہ زمینی حقائق کو سامنے رکھ کر سیاست کرتے ہیں تاہم انہیں اب یہ سمجھ نہیں آرہا کہ وہ نواز شریف کے احکام مانیں یا پھر شہباز شریف کی بات سنیں۔

مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما چوہدری نثار سے متعلق فواد چوہدری نے کہا کہ سیاست میں وقت پر فیصلہ لینا سب سے اہم ہوتا ہے اور چوہدری نثار موقع پر خاموش بیٹھے رہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت کراچی کا مینڈیٹ تحریک انصاف کے پاس ہے، وزیراعظم عمران خان جب کہیں گے سندھ میں تبدیلی آجائے گی۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: