’30 جون کے بعد مہلت نہیں ملے گی‘

وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے خصوصی پیغام میں پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ 30 جون تک اپنے تمام پوشیدہ اور بیرونِ ملک موجود اثاثے ظاہر کردیں کیوں کہ اس کے بعد مہلت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 10 سالوں میں پاکستان کا قرضہ 6 ہزار ارب روپے سے 30 ہزار ارب روپے تک جا پہنچا ہے جس کے باعث ملک میں اکٹھا ہونے والے 4 ہزار ارب روپے ٹیکس میں سے نصف ماضی کے حکمرانوں کے لیے گئے قرضوں کی ادائیگی میں خرچ ہوجاتا ہے اس کے بعد جو رقم بچتی ہے اس میں ملک کے اخراجات پورے کرنا ممکن نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستانی قوم دنیا میں سب سے کم ٹیکس دیتی ہے لیکن ان چند ممالک میں شامل ہے جو سب سے زیادہ خیرات دیتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان قوم میں صلاحیت موجود ہے اس کے ساتھ جذبے کی ضرورت ہے جس کے بعد ہم 10 ہزار ارب روپے سالانہ ٹیکس اکھٹا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم متعارف کروائی ہے اس میں سب شمولیت اختیار کریں، اگر ہم ٹیکس نہیں دیں گے تو ملک ترقی نہیں کرے گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ہم ایک عظیم قوم بننا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ہمیں اپنے آپ کو تبدیل کرنا پڑے گا۔

وزیراعظم نے قرآن پاک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس وقت تک کسی قوم کی حالت نہیں بدلتا جب تک وہ قوم خود اپنی حالت بدلنے کی کوشش نہ کرے۔

انہوں نے پاکستانی قوم کو تنبیہ کی کہ آپ کے پاس 30 جون تک کی مہلت ہے اس وقت تک اپنے تمام اندرونِ و بیرونِ ملک اثاثے، بینک اکاؤنٹس ظاہر کردیں اس کے بعد آپ کو مہلت نہیں ملے گی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے پاس اس حوالے سے وہ تمام معلومات موجود ہیں جو اس سے قبل کسی حکومت کے پاس نہیں تھی اس کے ساتھ ہماری حکومت کے بیرونِ ملک حکومتوں کے ساتھ معاہدے موجود ہیں جس کے تحت پاکستانیوں کے بیرونِ ملک اثاثوں کی تفصیلات حاصل کررہے ٰہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اداروں کے پاس تمام اطلاعات ہیں کہ کس کا بے نامی اکاؤنٹ بے نامی جائیدادیں موجود ہیں اس لیے اس اسکیم سے فائدہ اٹھا کر ملک کو فائدہ پہنچائیں اور اپنے بچوں کا مستقبل سنواریں۔

انہوں نے اپیل کی کہ اسکیم کا فائدہ اٹھا کر اثاثے ظاہر کریں اور حکومت کو موقع دیں کہ اس ملک کو خود کفیل بنا کر عوام کو غربت سے نکالا جائے۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: