زرتاج گل نے سفارشی خط واپس لے لیا

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نوٹس لیے جانے کے بعد وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر کی جانب سے اپنی بہن کی تقرری کے لیے قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی (نیکٹا) کو لکھا گیا سفارشی خط واپس لے لیا گیا۔

گزشتہ روز میڈیا کے ذریعے اس قسم کی خبریں سامنے آئی تھیں کہ زرتاج گل وزیر کی اسسٹنٹ پروفیسر بہن شبنم گل کو ڈائریکٹر نیکٹا تعینات کر دیا گیا ہے۔

اس فیصلے کے خلاف سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا جب کہ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے زرتاج گل وزیر کی بہن کو ڈائریکٹر نیکٹا بنائے جانے کی حمایت کی تھی۔

اس معاملے پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ وزیراعظم نے زرتاج گل کو ہدایت کی ہے کہ نیکٹا کو لکھا گیا خط واپس لیں۔

نعیم الحق نے مزید لکھا کہ زرتاج گل وزیر نے اپنی بہن کی تقرری کے لیے نیکٹا کو خط لکھا تھا، اس طرح کا اقدام پی ٹی آئی کے اصولوں کے خلاف ہے۔

انہوں نے لکھا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ اقربا پروری کی مخالفت کی ہے، پی ٹی آئی حکومت میں کوئی بھی شخص اپنے عہدوں کا استعمال کرتے ہوئے اپنے رشتہ داروں، دوستوں کو نہیں نواز سکتا۔

نیکٹا کی وضاحت

نیکٹا کی جانب سے بھی اس حوالے سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ زرتاج گل نے نیکٹا کو کوئی خط نہیں لکھا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ جو خط زیر بحث ہے وہ زرتاج گل کے پرنسپل اسٹاف افسر نے سیکرٹری داخلہ کو لکھا تھا۔

نیکٹا کو لکھا گیا خط واپس لے لیا گیا

اب اطلاعات ہیں کہ زرتاج گل کی بہن کی تقرری کے لیے نیکٹا کو لکھا گیا خط واپس لے لیا گیا ہے۔

پرنسپل سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی سمیع الحق نے خط سے دستبرداری کا مراسلہ جاری کیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے خط وزیر مملکت زرتاج گل کی ایماء پر لکھا گیا تھا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ زرتاج گل نے کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں تحقیقات کی بھی درخواست کر دی۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیر مملکت کی خواہش ہے تحقیقات کو عوام کے سامنے لایا جائے، کسی بے ضابطگی کی صورت میں شبنم گل کی تقرری کی ریکوزیشن واپس لے لی جائے۔

پرنسپل سیکریٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی نے خط سیکریٹری داخلہ اعظم سلیمان خان کو ارسال کر دیا ہے۔

زرتاج گل نے غلطی کا اعتراف کیا اور نیکٹا کو لکھا گیا خط واپس لے لیا: نعیم الحق

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کا کہنا تھا کہ وزیر کی حیثیت سے زرتاج گل کی جانب سے اپنی بہن کا سی وی بھیجنا غیر اخلاقی تھا، زرتاج گل اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے نیکٹا کو لکھا گیا خط واپس لے لیا ہے۔

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ شبنم گل کی تعیناتی کا معاملہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تھی، تقرری میں کوئی غیرقانونی بات ہوئی تو اسے ختم کریں گے۔

انہوں نے کہا نیکٹا کے مطابق شبنم گل کی تعیناتی میرٹ کے مطابق ہوئی ہے تاہم یہ بات سامنےآئی ہے کہ شبنم گل کی پی ایچ ڈی مکمل نہیں ہے، شبنم گل کی تقرری غیر قانونی ہوئی تو اسے ختم کر دیا جائےگا۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: