عمران خان نالائق اعظم قرار 

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو نالائق اعظم قرار دیدیا۔

بہاولپور میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ بلیغ الرحمان کی زوجہ اور ان کے ننھے سے بچے کے انتقال کا جو سانحہ رونما ہوا اس پر دلی تعزیت کرتی ہوں۔

مریم نواز نے قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ اور ان کے دوست حمزہ کے ٹریفک حادثے میں انتقال پر بھی دلی دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں قبائلی علاقے مہمند سے تعلق رکھنے والی بچی کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا سوشل میڈیا پر اس کی تصاویر دیکھ کر میرا دل کانپ اٹھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ننھی بچی فرشتہ کے مزدور والد جب اسپتال گئے تو کوئی بچی کا پوسٹ مارٹم کرنے کو تیار نہیں تھا، پولیس اسٹیشن میں کوئی اس واقعہ کا مقدمہ درج کرنے کے لیے تیار نہیں تھا، ارباب اختیار سے گزارش ہے کہ بچی سے زیادتی کے کیس میں جو کوتاہیاں ہوئی ہیں ان کا نوٹس لیا جائے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ یہ تو کچھ خاندانوں کے ساتھ انفرادی سانحے ہوئے تھے لیکن ایک سانحہ پاکسانی قوم کے ساتھ بھی ہوا ہے، نالائقوں کی حکومت آنا بھی پاکستان کے 22 کروڑ عوام کیلئے سانحے سے کم نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ 10 مہینے ہو گئے پاکستان میں ایک بھی اچھی خبر سننے کو نہیں ملی، روز صبح اٹھتے ہیں تو گیس، بجلی اور ادویات مہنگی ہونے کی خبریں سننے کو ملتی ہیں، ملک کے 22 کروڑ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے دھرنوں اور سازشوں کے باوجود ملک کو کہاں سے کہاں پہنچایا، ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے ان سے آج تک اپنی رہائی کے بارے میں ایک بار بھی نہیں کہا، انہوں نے ہمیشہ کہا کہ عوام کے دکھ درد میں شریک ہو۔

وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں اس شخص کو وزیراعظم نہیں نالائق اعظم کہتی ہوں، نالائق اعظم کہتا تھا کہ کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاؤں گا، نالائق اعظم نے بھیک نہیں مانگی بلکہ پورے ملک کی چابیاں آئی ایم ایف کے حوالے کر دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت صرف دو چیزیں سستی ہیں، ایک پاکستانی روپے کی قیمت اور دوسری ہماری ملکی خود مختاری، ہمارا نالائق اعظم دوسرے ملکوں کے دورے کرنے نہیں جاتا بلکہ وہ پیسے مانگنے جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نالائق اعظم چوری کر کے چور دروازے سے آیا، اپوزیشن کی ایک افطاری پر ان کی ٹانگیں کانپنے لگ جاتی ہیں، ان کی جھینپ اور کپکپاہٹ نظر آ رہی ہے۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: