اسپاٹ فکسنگ کی معلومات دوست نے اخبار کو دیں، آفریدی

سابق ٹیسٹ کرکٹر شاہد آفریدی ایک بار پھر اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے معاملے پر بول پڑے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ برطانوی اخبار کو سلمان بٹ کے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کی معلومات انہوں نے نہیں بلکہ ان کے دوست نے دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ فکسنگ میں ملوث کھلاڑی آج تک شک کرتے ہیں کہ انہیں میں نے پھنسایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اچھا ہوا یہ کھلاڑی پکڑے گئے ورنہ پاکستان کرکٹ کا بہت برا حال ہوتا۔

واضح رہے کہ شاہد آفریدی کی کتاب ’گیم چینجر‘ گزشتہ دنوں سامنے آئی ہے جس میں کئی بڑے انکشافات کیے گئے ہیں اور اس کتاب پر سینئر کھلاڑیوں کی تنقید کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

2010 میں انگلینڈ کے دورے میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سامنے آیا تھا جس میں ملوث تین کرکٹرز سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر کو نہ صرف آئی سی سی نے سزا دی تھی بلکہ یہ تینوں کرکٹرز اس جرم میں جیل بھی گئے تھے۔

اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ اوپنر سلمان بٹ کہتے ہیں کہ اپنی غلطی پر نادم ہوں، میری خواہش ہے کہ کیریئر کے آخری سالوں میں پاکستانی ٹیم میں موقع ملے اور کارکردگی دکھاکر اپنے بارے میں منفی تاثر کو ختم کروں۔

شاہد آفریدی نے اپنی کتاب میں 2010 کے بدنام زمانہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سے بھی پردہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھےاسپاَٹ فکسنگ اسکينڈل کا بہت پہلے علم ہوگيا تھا میں جانتا تھا کہ کچھ کھلاڑی منفی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ سٹے بازمظہر مجید نے فون مرمت کيلئے لندن میں ایک دکان پر دیا تھا، دُکان کا مالک میرے دوست کا دوست تھا۔

آفریدی نے مزید لکھا کہ مظہر مجید کے فون سے پاکستانی کھلاڑیوں کو کیے گئے پیغامات ملے جس سے ہولناک انکشافات ہوئے۔ ٹيم انتظامیہ کوثبوت دکھائے مگر کوئی ايکشن نہ ہوا۔ میں نے یہ پیغامات وقار یونس اور منیجر یاور سعيد سے شیئر کیےتھے۔ ٹیم مینجمنٹ خوفزدہ تھی يا اسے ملک کے وقار کا خيال نہ تھا۔ یاور سعید نے یہ پیغامات دیکھ کر بے بسی کا اظہار کیاتھا۔

آفریدی نے لکھا کہ یاور سعید نے مجھ سے پیغامات کی کاپی مانگنے کی زحمت بھی نہ کی۔ عبدالرزاق نے بھی سلمان، عامر اور آصف پر شکوک کا اظہار کيا تھا۔

شاہد آفریدی نے لکھا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ کے دوران کپتانی چھوڑنے کا فيصلہ کرليا تھا، چوتھے دن سلمان بٹ سے کہا تھا کہ وہ قيادت سنبھال سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میرا پورے سیٹ اپ سے اعتبار اٹھ چکا تھا۔ ٹیم مینجمنٹ معاملے کی فعال تحقیقات کرنے کو تیار نہ تھی۔ سلمان بٹ نے ملک کا سودا کیا اس کی اس حرکت کے بعد سلمان بٹ کو مستقبل میں قومی ٹیم میں جگہ نہیں ملنی چاہیے۔ سلمان بٹ کو پاکستان کیلئے کھیلنے والی کسی بھی ٹیم میں جگہ نہیں ملنی چاہیے۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: