داتا دربار خودکش حملہ، 3 اہلکاروں سمیت 10 شہید

داتا دربار کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں 3 اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید اور 20 زخمی ہوگئے۔

داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید کا کہنا تھا کہ دھماکا خودکش تھا، جائے وقوعہ سے بال بیرنگ ملے ہیں۔

دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے زخمیوں کو قریبی میو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ فوٹو: جیو نیوز

دھماکے کے بعد میو اور جنرل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فوری طور پر اضافی عملے کو طلب کرلیا گیا، ڈاکٹروں کی بڑی تعداد اسپتال میں موجود ہے اور زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان جائے وقوعہ پر پہنچے اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ داتا دربار کے باہر پولیس کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایلیٹ فورس کے 3 جوانوں سمیت 10 افراد شہید اور 20 زخمی ہوئے۔

دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والی ایلیٹ فورس کی گاڑی۔ فوٹو: اے ایف پی

ڈی آئی جی آپریشنز محمد اشفاق کے مطابق ایلیٹ فورس کے اہلکار داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 پر فرائض انجام دے رہے تھے جنہیں 8 بجکر 45 منٹ پر نشانہ بنایا گیا ۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا مزید کہنا تھا کہ دھماکا خودکش تھا یا نہیں اس کا تعین کیا جارہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے پر حقائق سامنے لائیں گے جس کے لیے سی ٹی ڈی سمیت دیگر ادارے کام کر رہے ہیں۔

پولیس پر حملہ دہشتگردوں کی بوکھلاہٹ کی علامت ہے: آئی جی پنجاب

آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس پر حملہ دہشت گردوں کی بوکھلاہٹ کی علامت ہے، حملے میں ملوث عناصر کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز کو سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام سینئر افسران فیلڈ میں جا کر حساس مقامات اور اہم عمارات کی سیکیورٹی کا خود جائزہ لیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دورے منسوخ کرتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی انکوائری کا حکم دیا اور آئی جی پولیس اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کے علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے واقعے کے بعد بھکر، سرگودھا اور شیخوپورہ کے دورے منسوخ کرتے ہوئے امن و امان سے متعلق ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

اسلام آباد میں بھی سیکیورٹی سخت

داتا دربار کے باہر دھماکے کے بعد اسلام آباد میں بری امام اور گولڑہ شریف درگاہوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشن وقارالدین سید کا کہنا ہے کہ اسلام آباد شہر کے داخلی راستوں پر چیکنک سخت کرتے ہوئے شہر کے مختلف مقامات پر موجود ناکوں پر چیکنگ کا عمل بھی بڑھا دیا گیا ہے جب کہ ریڈ زون میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شہری شناختی کارڈ دکھا کر یا داخلے کی وجہ بتا کر ریڈ زون میں داخل ہوسکتے ہیں۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: