بالی وڈ اداکار سلمان خان فلم ’بھارت‘ میں کردار ادا کرنے سے انکار پر پریانکا چوپڑا پر پھٹ پڑے۔
پریانکا چوپڑا اور سلمان خان طویل عرصے بعد ایک ساتھ فلم ’بھارت‘ میں نظر آنے والے تھے لیکن پریانکا نے شوٹنگ شروع ہونے سے پہلے ہی فلم کو خیرباد کہہ دیا۔
پریانکا کی جانب سے فلم چھوڑنے کے بعد سلمان خان کی ناراضی کی خبریں سامنے آئی تھیں اور مختلف تقریبات میں بھی سلومیاں نے پریانکا کے فلم چھوڑنے سے متعلق سوالات پر خاموشی اختیار کیے رکھی تھی لیکن اب انہوں نے اپنے بہنوئی کی فلم ٹریلر لانچ کی تقریب میں سارا غصہ اتار دیا ہے۔
سلمان خان نے اپنے پروڈکشن ہاؤس کے بینرتلے بننے والی فلم ’لو راتری‘ کی ٹریلر لانچ کی تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے صحافیوں کے کئی سوالوں کے جواب دیئے ۔
صحافی کی جانب سے پریانکا کے فلم چھوڑنے سے متعلق سوال پر سلمان خان کا کہنا تھا کہ پریانکا میرے گھر آئیں اور انہوں نے فلم چھوڑنے کا بتایا جس پر میں نے کہا کہ کوئی بات نہیں اگر آپ میرے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پریانکا نے اس وقت ہمیں فلم چھوڑنے کی کوئی اور وجہ بتائی تھی لیکن بعد میں وجہ کچھ اور ہی نکلی ہے حالاں کہ ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں پریانکا کے لیے بے حد خوش ہوں ، اگر ہمیں پہلے پتا ہوتا کہ انہوں نے ہالی وڈ کی کوئی بڑی فلم سائن کی ہوئی ہے تو ہم انہیں کبھی نہ روکتے لیکن ہمیں ان کے فلم چھوڑنے سے متعلق اس وقت پتا چلا جب ان کی شوٹنگ شروع ہونے میں 10 دن رہ گئے تھے۔
ایک اور سوال کے جواب میں سلو میاں نے کہا کہ ‘پریانکا سلمان کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتی ہیں تو کوئی بات نہیں، وہ ہالی وڈ کے بڑے ہیرو کے ساتھ کام کرلیں’۔
یاد رہے کہ فلم ’بھارت‘ کی شوٹنگ جاری ہے جس میں پریانکا کی جگہ اب کترینہ کیف مرکزی کردار میں نظر آئیں گی جب کہ فلم کی کاسٹ میں کامیڈین سنیل گروور، ڈشا پٹانی سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔