معروف اداکارہ ماہرہ خان کے بیٹے اذلان نے ہالی ووڈ اداکارہ سے فون نمبر مانگ لیا۔
خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق اداکارہ ماہرہ خان کے بیٹے اذلان نے ہالی ووڈ فلموں کی معروف اداکارہ ایما واٹسن سے ان کا نمبر مانگا ہے۔
اذلان نے اپنی والدہ ماہرہ خان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ہالی ووڈ اداکارہ ایما واٹسن کو پیغام بھیجا اور ان کا نمبر طلب کیا۔
گزشتہ ہفتے ماہرہ خان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک پیغام بھیجا گیا تھا جس میں لکھا تھا’’ ایما واٹسن میں اذلان ہوں، آپ کا بہت بڑا مداح ہوں اور آپ سے بات کرنا چاہتا ہوں۔ میں نے آپ کی فلم’’بیوٹی اینڈ دی بیسٹ‘‘ میں کچھ غلطیاں دیکھی ہیں اور ان غلطیوں کے بارے میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں آپ مجھے اپنا نمبر بھیجیں‘‘۔
ٹوئٹ وائرل ہونے کے بعد ماہرہ خان نے وضاحت میں ایک اور ٹوئٹ کی جس میں لکھا تھا ان کا بیٹا اداکارہ کا بہت بڑا مداح ہے اس کے باوجود اس نے فلم میں 10 خامیاں تلاش کی ہیں بعد ازاں ماہرہ خان نے یہ دونوں ٹوئٹس اپنے اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کردیں۔