سماجی رابطے کی ویب سائٹ واٹس ایپ پر آئے روز نت نئی اَپ ڈیٹس سامنے آتی رہتی ہیں اور اب اس میں گروپ ایڈمنز کو برطرف یعنی ‘ڈس مس’ کرنے کا فیچر بھی متعارف کروا دیا گیا۔
‘ڈس مس ایز ایڈمن’ (Dismiss As Admin) فیچر کی مدد سے کسی بھی گروپ ایڈمن سے اس کے اختیارات واپس لے کر اسے اسٹینڈرڈ گروپ چیٹ ممبر بنایا جاسکتا ہے اور گروپ میں ہونے والی گفتگو کا کنٹرول سنبھالا جاسکتا ہے۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں دستیاب ہے اور فی الوقت آئی او ایس صارفین کے لیے اس پر کام کیا جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس فیچر کا مقصد پرائیویسی کو مزید بہتر بنانا ہے، اس سے قبل اگر کسی گروپ میں ایک سے زائد ایڈمنز ہوں اور ان میں سے کسی ایک سے ایڈمن کے اختیارات واپس لینے ہوں تو اس کے لیے اسے گروپ سے نکالنے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہوتا تھا، لیکن اب اس نئے فیچر کی مدد سے کوئی بھی ایڈمن، دیگر ایڈمنز کو گروپ سے نکالے بغیر ان کے اختیارات واپس لے سکتا ہے۔
یہ فیچر گروپ ایڈمنز کے لیے ‘گروپ انفو سیکشن’ میں دستیاب ہے۔
حال ہی میں واٹس ایپ نے ایک نئے گروپ چیٹ فیچر ‘ریسٹرکٹڈ گروپس’ کی آزمائش پر بھی کام شروع کیا ہے، جس کے ذریعے گروپ میں موجود لوگوں کو چیٹ سے روکا جاسکتا ہے۔