دبئی: اداکارہ ماہرہ خان ویسے تو اپنی جانداراداکاری کے ذریعے کئی ایوارڈز اپنے نام کرچکی ہیں لیکن اب وہ ایشیا کی بااثر خاتون بھی قرار پائی ہیں۔
دبئی میں سجنے والے سالانہ مصالحہ ایوارڈ میں پاکستان کی خوبرو اداکاراؤں ماہرہ خان، ماورہ حسین اور صبا قمر کو ایوارڈز سے نوازا گیا ۔
مصالحہ ایوارڈز شو میں خوبرو پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو ایشیاء کی بااثر خاتون ایوارڈ سے نوازا گیا، جب کہ اداکاری کے بہترین جوہر دکھانے والی صبا قمر کو بہترین دلکش پرفارمنس کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اداکارہ ماورہ حسین بھی پیچھے نہ رہیں اور انہوں نے ‘سوشل میڈیا کی دھڑکن’ کا ایوارڈ بالی وڈ اداکار بومن ایرانی کے ہاتھوں ان کے چٹکلوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے وصول کیا۔
ایوارڈ کی تقریب میں ایشیا کے متعدد شوبز اسٹارز نے شرکت کی اور تقریب میں چار چاند لگا دیئے، سالانہ مصالحہ ایوارڈ شو میں بالی ووڈ اسٹارز نے بھی شرکت کی جن میں ارجن رامپال، گووندا اور سری دیوی کے علاوہ بھارت کے مشہور ڈیزائنر منیش ملہوترا اور دیگر شامل تھے۔
ایوارڈ میں پاکستان سے اداکارہ ماہرہ خان، صبا قمر، ماورا حسین اور میرا کے علاوہ فواد خان اور گلوکار فرحان سعید نے بھی شرکت کی، ایوارڈ کی تقریب میں گووندا نے اپنے مشہور گانوں پر پرفارمنس دی اور مزاحیہ اداکار بومن ایرانی نے اپنے چٹکلوں سے سب کو محظوظ کیا۔