پاک فوج کے سپہ سالارجنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے ک پاک فوج میں بلوچستان کے 20ہزار بیٹے خدمات انجام دے رہے ہیں، ان بلوچ فرزندوں میں 600افسران بھی شامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ فار یوتھ آف بلوچستان کے تحت کوئٹہ میں مواقع اور چیلنجز کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کاکہنا تھا کہ بلوچ نوجوان کیڈٹ کالجز میں بھی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 25ہزار بلوچ طلبا اس وقت آرمی کے اسکولوں میں معیاری تعلیم حاصل کررہے ہیں، پی ایم اے کاکول میں بلوچستان کے 232 کیڈٹس زیر تربیت ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ فضائیہ اور بحریہ میں کام کرنے والے بلوچ شامل کریں تو یہ تعداد کہیں زیادہ ہے، بلوچی نوجوان ملک کے دیگر علاقوں کے نوجوانوں کی طرح باصلاحیت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس کافی وسائل ہیں صرف انسانی وسائل کو بہتر کرنےکی ضرورت ہے، سول سروس کو پرکشش بنانے کی ضرورت ہے تاکہ اعلیٰ ٹیلنٹ اس میں آئے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ سول سروس کسی بھی ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے