حکومت ختم، پاکستان میں کرپٹو کا مستقبل غیریقینی

وفاقی حکومت کے خاتمے کے ساتھ ہی پاکستان میں کرپٹو کرنسیوں کے قانونی ہونے کی امید بھی دم توڑ گئی ہے

سندھ ہائیکورٹ نے گزشتہ ہفتے وزارت قانون اور خزانہ کے سیکریٹریز کو پاکستان میں کرپٹو کرنسیوں کے لین دین پر حتمی سفارشات داخل کرانے کا حکم دیا تھا، تاکہ وہ وفاقی کابینہ میں حتمی فیصلے کے لئے پیش کی جاسکیں۔

جسٹس محمد کریم خان آغا کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے ورچوئل کرنسیوں پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت کی تھی۔ وزارت خزانہ اور قانون کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ حتمی نتیجے پر پہنچیں کہ پاکستان میں کرپٹو کرنسیوں کے لین دین کی کسی بھی صورت میں اجازت دی جاسکتی ہے یا نہیں؟ اور اس کا فریم ورک کیا ہوسکتا ہے۔

عدالت نے استفسار کیا تھا کہ کیا پاکستان میں کرپٹو کرنسی کا کاروبار قانونی طور پر کیا جاسکتا ہے؟ اور دونوں وزارت کو اس پر مشترکہ تجاویز دینے کی ہدایت کی تھی۔ یہ بھی ریمارکس آئے کہ ایف آئی اے کی جانب سے یہ کاروبار کرنے والوں پر مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں اور ان کے اکاؤنٹس منجمد کئے جا رہے ہیں۔

یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ دونوں وزارتوں کی عبوری رپورٹس کے مطابق ساڑھے تین ماہ کے دوران اس معاملے میں عدالتی احکامات پر عمل میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

عدالت نے کہا کہ دونوں وزارتیں اس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہیں، اگر اسی رفتار سے کام ہوتا رہا تو سالوں بعد بھی کوئی تجاویز نہیں آئیں گی۔ سندھ ہائیکورٹ نے خزانہ اور قانون کے سیکریٹریز کو تیرہ جون تک حتمی سفارشات پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے پاکستان میں کرپٹو کرنسی کے ہر قسم کے لین دین پر پابندی کی سفارش کی تھی۔ سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے قائم کی گئی کمپنی میں پی ٹی اے، وزارت خزانہ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، ایس ای سی پی کے حکام بھی شامل تھے۔ 

وقار ذکا نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے ورچوئل کرنسیوں کو غیرقانونی قرار دینے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے عوام کو ٹیکنالوجی سے منسلک کاروبار سے روکا ہے جو کہ کاروبار کی آزادی کے خلاف ہے۔ عدالت سے اسٹیٹ بینک کے احکامات کو غیرقانونی قرار دینے اور ریگولیٹری فریم ورک کی تیاری کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: