پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے شارٹ رینج بیلسٹک میزائل غزنوی (حتف تھری) کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ بیلسٹک میزائل 290 کلومیٹر تک جوہری اور روایتی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل تجربہ آرمڈ اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ کی سالانہ فیلڈ ٹریننگ مشق کا نقطہ اختتام تھا۔
میزائل تجربے کے موقع پر کمانڈر آرمی اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ لیفٹیٹننٹ جنرل محمد علی موجود تھے۔
اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن، سائنسدان اور انجینئرز بھی میزائل تجربے کے دوران موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کمانڈر آرمی اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ نے آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کمانڈر آپریشن اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ نے ویپن سسٹم آپریٹ کرنے کے شاندار معیار کو بھی سراہا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران یہ پاکستان کا کسی بھی ایٹمی صلاحیت کے حامل ہتھیار کا دوسرا تجربہ ہے۔
اس سے قبل 20 جنوری کو پاکستان نے 2،750 کلومیٹر دور تک مار کرنے والے شاہین تھری بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔