پاکستان کے مختلف شہروں میں ’عورت مارچ‘ کے انتظامات مکمل

عالمی یوم خواتین کے موقع پر دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان کے بھی مختلف شہروں میں خواتین اپنے حقوق کے لیے مظاہرے و تقاریب کا انعقاد کریں گی۔

پاکستان کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ، سکھر اور ملتان سمیت دیگر شہروں میں بھی خواتین کے حقوق سے متعلق کام کرنے والی تنظیموں نے ’عورت مارچ‘ نکالنے کے انتظامات کر رکھے ہیں۔

خواتین کے خلاف تشدد، انہیں کام کی جگہوں پر ہراسانی کرنے، کاروکاری و سیاہ کاری سمیت خواتین کے خلاف دیگر مسائل کے خلاف خواتین آج ملک کے بڑے شہروں میں مظاہرہ کریں گی۔

: ’میرا جسم میری مرضی کو آوارہ گردی‘ کہنے پر شیری رحمٰن کا سینیٹر کو کرارا جواب
کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے مظاہروں کے لیے مقامی انتظامیہ اور پولیس نے بھی انتطامات مکمل کر رکھے ہیں اور خواتین کے مظاہروں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

عالمی یوم خواتین کے موقع پر ’عورت مارچ‘ نکالنے کے اعلانات پر پاکستان میں کئی دن قبل ہی بحث کا آغاز ہوگیا تھا اور خواتین کی جانب سے مذکورہ مظاہروں میں ’میرا جسم، میری مرضی‘ اور ’ہم جب چاہیں گی بچے پیدا کریں گی‘ جیسے نعرے لگانے پر سوشل میڈیا پر خواتین کو کافی تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

اس بار ’عورت مارچ‘ کو رکوانے کے لیے شہریوں کی جانب سے لاہور اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستیں بھی دائر کی گئی تھیں جن میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ مظاہرے کے منتظمین کو ہدایت کرے کہ مظاہروں میں متنازع اور غیر اخلاقی بینر نہ اٹھائے جائیں۔

: شیریں مزاری کی ’عورت مارچ‘ کو رکوانے کے بیانات کی مذمت
لاہور اور اسلام آباد ہائی کورٹ نے عورت مارچ کے منتظمین کو ہدایت کی تھی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عورت مارچ میں متنازع اور غیر اخلاقی بینرز نہیں لائے جائیں گے۔

پاکستان کے زیادہ تر شہروں میں ’عورت مارچ‘ کے مظاہرے دوپہر کے بعد شروع ہوں گے جن میں زیادہ تر نوجوان لڑکیوں کی شمولیت کا امکان ہے تاہم خیال کیا جا رہا ہےکہ مارچ میں ہر عمر، رنگ، نسل و مذہب کی خواتین شامل ہوکر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گی۔

گزشتہ چند سال سے عالمی یوم خواتین کے موقع پر ہونے والے ’عورت مارچ‘ میں نہ صرف خواتین بلکہ مرد حضرات بھی شامل ہوکر خواتین کی خودمختاری و آزادی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: