سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے کنٹرول کیلئے ٹاسک فورس قائم کردی

پاکستان میں کورونا وائرس کے پہلے 2 کیسز کی تصدیق کے بعد سندھ حکومت نے کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی۔

یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی سربراہی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہونے والے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔

ٹاسک فورس کی سربراہی وزیر اعلیٰ خود کریں گے جس میں چیف سیکریٹری، سیکریٹری صحت، کراچی کمشنر اور دیگر صحت حکام شامل ہوں گے۔

پاکستان میں سامنے آنے والے 2 کیسز میں ایک 22 سالہ شخص شامل ہے جو حال ہی میں ایران سے کراچی واپس آیا تھا جبکہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ دوسرا کیس وفاقی دارالحکومت میں ایک شخص میں سامنے آیا ہے۔

اہم نکات:


جن افراد میں ٹیسٹ کے بعد کورونا وائرس کی تصدیق ہوگی انہیں آئسولیشن میں رکھا جائے گا۔
کراچی میں ایک ہسپتال کو متاثرین کے لیے مختص کردیا گیا ہے۔
جن لوگوں میں کورونا وائرس سے قبل کی علامات پائی جاتی ہیں انہیں اپنی نقل و حرکت کم کردینی چاہیے۔
عوام اور میڈیا سے التماس ہے کہ وہ متاثرہ افراد سے متعلق معلومات منظرعام پر نہ لائے۔
سندھ حکومت کا وفاق سے ایران سے آنے والی پروازیں معطل کرنے کا مطالبہ
ماسک ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ٹاسک فورس روزانہ انہیں بریفنگ دے گی۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ میں حال ہی میں ایران سے آنے والے تقریباً 1500 افراد کی معلومات اکٹھا کرلی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ان تمام افراد میں علامات سامنے آئے تو ان کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں موجود وائرس سے متاثرہ شخص حال ہی میں ایران سے آیا تھا اور وہ زائرین کے ایک وفد کے ساتھ سفر کر رہا تھا جس میں 28 افراد شامل تھے۔


انہوں نے بتایا کہ ‘ہمیں آغا خان ہسپتال اور انڈس ہسپتال کی جانب سے ٹیموں کو تربیت دینے میں تعاون حاصل ہے جو ان افراد کا ٹیسٹ کرسکیں گے کہ جن میں کورونا وائرس کی کوئی علامات سامنے آئی ہوں’۔

سندھ میں اسکولوں کی بندش کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ خوف و ہراس پیدا کرنے کے لیے نہیں کیا گیا بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ متاثرہ علاقے سے واپس آنے والے افراد کے بچوں کے ٹیسٹ کیے جائیں تاکہ اس بات کی یقین دہانی کی جاسکے کہ یہ وائرس اسکولوں میں نہ پھیلے’۔

انہوں نے بتایا کہ ‘وزیر اعلیٰ ہاؤس میں روزانہ شام 7بجے کورونا وائرس کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوگا، 25 سے 30 افراد کو صورتحال پر نگرانی رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے’۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: