سندھ فوڈ اتھارٹی نے سندھ بھر میں چائے کی کھلی پتی اور غیر معیاری کیچپ پر پابندی عائد کردی۔
چائے کی کھلی پتی اور غیرمعیاری کیچپ پر پابندی عائد کیے جانے کے حوالے سے سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کی کاپیاں کراچی چیمبر آف کامرس، پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن سمیت اشیائے خوردونوش کی دیگر تمام نمائندہ انجمنوں کوبھی جاری کی گئی ہیں۔
سندھ فوڈ اتھارٹی نے صوبے بھر میں چائے کی کھلی پتی کا کاروبار کرنے والوں کو 3 ماہ کی مہلت دی ہے جس کے نتیجے میں سندھ بھر میں18 دسمبر 2019ء کے بعد کھلی چائے فروخت نہیں کی جاسکے گی۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ فیصلے اتھارٹی کے سائنٹیفک پینل اجلاس میں کیے گئے ہیں۔
نوٹی فکیشن کے مطابق حلال سرٹیفکیٹ کے بغیر جانور کے اجزاء رکھنے والی اشیاء پر بھی پابندی ہوگی، مونو سوڈیم گلوٹامیٹ ایم ایس جی اور ایم ایس جی شامل اشیاء پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے اور جن اشیاء پر حلال ہونے کی مہر ثبت نہیں ہوگی ان پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے اور اس کے ساتھ ہی کھانے پینے کی اشیاء کو اخبار اور پرنٹڈ کاغذ میں دینے پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔