وفاقی حکومت نے بجلی 53 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی۔
وزارت توانائی نے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے بجلی 53 پیسے فی یونٹ مہنگی کی ہے اور یہ قیمت ایک سال کیلئے بڑھائی گئی ہے۔
بجلی کی قیمت میں اضافہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے منظوری کے بعد کیا گیا۔
بجلی فی یونٹ 53 پیسہ مہنگی ہونے سے صارفین پر سالانہ 53 ارب روپےکا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نیپرا نے گزشتہ مالی سال کی ایڈجسٹمنٹس اور ڈسٹری بیوشن مارجن کے تحت بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دی، لائف لائن صارفین اور ماہانہ 300 یونٹ تک گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت نہیں بڑھائی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 300 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بجلی53 پیسے فی یونٹ مہنگی ہوگی جبکہ اس کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر نہیں ہو گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی نیپرا نے جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی ایک روپے 78 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دی تھی۔