نواز شریف کراچی کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتے تھے، شاہد خاقان عباسی

کراچی: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف کراچی کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتے تھے ہمیں کراچی کی اہمیت کو تسلیم کرنا پڑے گا، احسن اقبال نے کہا کہ کراچی میں دودن گھومے ہیں شرم آتی ہے، ن لیگ کو ووٹ دیں لاہور سے زیادہ کراچی کو چمکا کردیں گے۔

یہ بات انہوں ںے جمعہ کو (ن) لیگ سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر (ن) لیگ کے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکمران نالائق یا کرپٹ ہیں، عمران خان اپنی کابینہ کو دیکھیں، چینی اور آٹے کے بحران کے ذمہ دار مل جائیں گے، حکومت آٹے اور چینی کی قیمتوں کا جواب دے، ن لیگ کے قائد نواز شریف سندھ کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتے تھے، کراچی کی اہمیت کو تسلیم کرنا پڑے گا۔

خاقان عباسی نے کہا کہ کل سے کراچی میں ہیں، گولیمار میں عمارت گرنے کا پتا چلا، وہاں جانا چاہ رہے تھے لیکن بحالی کے کام کی وجہ سے منع کیا گیا، کراچی کی اہمیت کو تسلیم کرنا پڑے گا، این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کو حصہ دیا جاتا ہے اس کے باوجود ماضی میں ہماری حکومت نے کراچی کے لیے لیاری ایکسپریس وے جیسا منصوبہ دیا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے کراچی میں دوسال میں امن قائم کیا، بجلی گھربنائے، پورٹ قاسم اور حبکو میں پلانٹ بنائے گئے، گرین لائن منصوبہ بنایا، ن لیگ اور نواز شریف سندھ کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتے تھے۔

احسن اقبال ںے کہا کہ ن لیگ نے اربوں روپے کی لاگت سے سڑکیں بنائیں، کراچی کی تاریخ میں کسی وفاقی حکومت نے ماضی میں اتنے منصوبے نہیں دیئے، کے فور منصوبہ اور ڈی سیلی نیشن منصوبہ مکمل ہوتا تو پانی کا بحران نہیں ہوتا، کراچی میں دودن گھومے ہیں شرم آتی ہے، ن لیگ کو ووٹ دیں لاہور سے زیادہ کراچی کو چمکا کردیں گے۔

قبل ازیں ن لیگ کے ایک کارکن کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر کے ساتھ بدتمیزی کے خلاف صحافیوں نے احتجاجاً پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا تھا جس کے بعد مذکورہ کارکن کی جانب سے صحافی سے معذرت کے بعد بائیکاٹ ختم کیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کا وفد جماعت اسلامی کے کراچی دفتر ادارہ نورحق پہنچا جہاں انہوں نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں رکن سندھ اسمبلی عبد الرشید، عبدالوہاب، مسلم پرویز، راجا عارف سلطان اور دیگر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں معاشی بحران، مہنگائی، ترقیاتی کاموں کے فقدان اور کراچی کے کے فور منصوبہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں ںے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے انتقال پر تعزیت بھی کی۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان نے کہا کہ نواز شریف کی ہدایت پر جماعت اسلامی کے وفد سے ملے، ملک کو مسائل سے نکالنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر چلنے کا عزم رکھتے ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عورت مارچ کی حمایت کرتی ہے تاہم مارچ کا سلوگن نامناسب ہے اس حوالے سے منتظمین سے بات کی جائے گی اور سلوگن تبدیل کروایا جائے گا۔

(ن) لیگ کا وفد کیماڑی گیس سانحے کے متاثرین سے ملا اور انہیں انصاف دینے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر سیاسی رہنما سرفراز جدون نے پیپلز پارٹی کو خیر باد کہہ کر نواز لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ سرفراز جدون کی شمولیت پر خوش آمدید کہتا ہوں کراچی معاشی حب ہے کراچی کا نقشہ ن لیگ کو پکار رہا ہے، کراچی میں صحت پانی اور روزگار کے مسئلے ن لیگ ہی حل کرسکتی ہے، مجھے یقین ہے اگلے الیکشن میں کراچی کی 21 نشستیں ن لیگ جیتے گی۔

مسلم لیگ (ن) کا وفد ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی رہائش گاہ پر بھی پہنچا۔ بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شہباز شریف کی ہدایت پر فاروق ستار سے ملنے آئے، کراچی ترقی نہیں کرے گا تو ملک ترقی نہیں کرے گا۔ احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ فاروق ستار کے بزرگوں کی جماعت ہے انہیں شمولیت کے لیے کسی دعوت کی ضرورت نہیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وفد کو خوش آمدید کہتا ہوں، ہمیں اب خیرات نہیں چاہیے کراچی کو سالانہ 300 ارب روپے کا فنڈ ملنا چاہیے، کراچی کی معاشی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، پی ٹی آئی حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہے، مسلم لیگ نون کے دور میں مہنگائی قابو میں تھی اور لوگوں کے پاس روزگار بھی تھا، لاپتا کارکنان کی بازیابی کے لیے نون لیگ سے تعاون کی درخواست کی ہے، بلوچستان کی طرح کراچی کے لیے بھی معافی کا اعلان ہونا چاہے۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: