پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان مصباح الحق کو تین سال کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کر دیا ہے۔
وقار یونس کو قومی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے اور انہیں بھی تین سال کا کنٹریکٹ دے دیا گیا ہے۔
مصباح الحق کہتے ہیں کہ قومی کرکٹ کی کوچنگ کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ وہ اس نئی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے مکمل تیار ہیں۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ امید ہے قومی کرکٹ کو مصباح الحق کی قائدانہ صلاحیتوں کا فائدہ ہوگا، کوچز کے لیے درخواست جمع کرانے والے تمام درخواست گزاروں کے مشکور ہیں۔
کوچز کی تلاش کے لیے قائم کردہ 5 رکنی پینل نے متفقہ طور پر مصباح الحق کا نام پیش کیا، پینل میں انتخاب عالم، بازید خان، اسد علی خان، وسیم خان اور ذاکر خان شامل تھے۔
دونوں کوچز کے ناموں کی منظوری چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے دی، مصباح الحق اور وقار یونس کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہوگی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز 27 ستمبر سے شروع ہوگی۔