پاکستانی اداکارہ اورحمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاور نے اپنی شادی پر روایتی دلہنوں کے برعکس پرانا جوڑا پہن کر اور شادی کا میک اپ خود کرکے سادگی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔
اداکارہ نیمل خاور نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر اپنی شادی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی شادی پر نیا جوڑا خریدنے کے بجائے تھوڑی سی تراش خراش کے بعد اپنی والدہ کے نکاح کا جوڑا زیب تن کیا تھا۔ نیمل نے بتایا کہ جب آپ اپنی شادی پر اپنی والدہ کے نکاح کاجوڑا پہنتے ہیں تو آپ کے ساتھ جذبات جڑجاتے ہیں۔ نیمل نے کہا کہ اپنی شادی پر اپنی والدہ کے نکاح کا جوڑا پہننا ان کا بہترین فیصلہ تھا۔
نیمل نے مزید لکھا کہ انہوں نے اپنی شادی پر روایتی دلہنوں کے برعکس پارلر میں جاکر مہنگا میک اپ کروانے کے بجائےاپنا میک اپ بھی خود ہی کیاتھا اور بال بھی خود ہی بنالیے تھے کیونکہ وہ اپنی شادی کے دن بھاری میک اپ کے بجائے سادہ نظر آنا چاہتی تھیں۔
نیمل کے مطابق ایک لڑکی کی شادی کا دن اس کی زندگی کا سب سے خوشی کا دن ہوتا ہے ضروری نہیں ہے کہ آپ بھاری زیورات پہنیں۔ بلکہ آپ کا سکون اور خوشی اہم چیز ہے۔ اور سب سے ضروری چیز یہ ہے کہ آپ اپنی شادی کے دن کا بھرپور لطف لےسکیں۔
نیمل خاور کی اس پوسٹ کو سوشل میڈیا پر بے حد سراہا جارہا ہے اور لوگ ان کی سادگی اور ان کی سوچ کی تعریف کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ نیمل خاور اور حمزہ علی عباسی 25 اگست کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور 26 اگست کو دونوں کے ولیمے کیتقریب منعقد کی گئی تھی جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور، گلوکار عاطف اسلم سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی تھی۔