ٹیلی ریگولیٹری اتھارٹی نے دو سم اور علیحدہ عالمی موبائل شناخت (آئی ایم ای آئی) والے موبائل فائنز کی رجسٹریشن کی تاریخ بڑھا کر 15 ستمبر کردی ہے۔
دو ہفتے قبل پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 2 سم والے تمام صارفین کو اپنا آئی ایم ای آئی 31 اگست تک رجسٹر کرنے کا کہا تھا۔
پی ٹی اے نے اس وقت کہا تھا کہ کئی صارفین ایسے ہیں جن کے پاس ڈوئل سم موبائل فونز ہیں تاہم انہوں نے ان میں سے ایک ہی کا آئی ایم ای آئی رجسٹر کرایا ہے، کئی صارفین دوسرے سم کا آپشن استعمال نہیں کرتے اور انہوں نے اس کا آئی ایم ای آئی ہی رجسٹر نہیں کرایا یا کرانا بھول گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موبائل ڈیوائس کے صارفین جن کا ایک آئی ایم ای آئی رجسٹر ہے دوسرا نہیں، کو تجویز ہے کہ وہ اپنے تمام آئی ایم ای آئی رجسٹر کرالیں۔
واضح رہے کہ آئی ایم ای آئی نمبر موبائل کی شناخت کے لیے استعمال ہوتا ہے اور اس کا صارفین سے کوئی تعلق نہیں۔
اس نمبر کو پی ٹی اے تصدیق شدہ موبائل کے لیے استعمال کرتی ہے جس کے ذریعے چوری کیے ہوئے فون کو ملک میں کسی بھی نیٹ ورک تک رسائی سے روکا جاتا ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ وہ ایسی تمام درخواستوں کا جائزہ لیں گے جس کے بعد موبائل کی رجسٹریشن کی جائے گی۔
انہوں نے خبر دار کیا کہ غلط معلومات فراہم کرنے والے درخواست گزاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
جن ڈیوائسز کی ایک آئی ایم ای آئی ایک سم پر رجسٹر ہے اسے سروس کی معطلی کا سامنا نہیں ہوگا۔
موبائل ڈیوائس کا اسٹیٹس جاننے کے لیے پی ٹی اے نے صارفین کو #06 ڈائل کرنے اور موصول 15 ہندسوں کا آئی ایم ای آئی نمبر 8484 پر میسج کرنے کی تجویز دی۔