پی آئی اے کے تقریباً ایک ہزار ملازم فارغ

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) انتظامیہ نے آپریشنل لاگت میں کمی کرنے کے دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ تقریباً ایک ہزار اضافی ملازمین کو فارغ کردیا۔

پی آئی اے کے صدر اور چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ایئر مارشل ارشد ملک نے یہ بات وزیر اعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کے ساتھ ہونے والے ایک اجلاس میں بتائی۔

اجلاس کے حوالے سے وزارت خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ایئر مارشل ارشد ملک نے ڈاکٹر عبدالحفیط شیخ کو پی آئی اے میں بہتر مینجمنٹ اور دستیاب مالی و انسانی وسائل کا موثر استعمال کرتے ہوئے آپریشنل لاگت کم کرنے اور ریونیو میں اضافے کے لیے اٹھائے گئے متعدد اقدامات کے بارے میں بریف کیا۔

اجلاس میں ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے پی آئی اے کو خود انحصاری، پائیدار بزنس پلان کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ قومی ایئرلائن موثر طریقے سے اپنے وسائل کا استعمال کرے اور کارکردگی اور مالیاتی نظم و ضبط یقینی بناتے ہوئے آمدن بہتر کرے۔

مشیر خزانہ نے قومی ایئر لائن کی مشکلات پر قابو پانے اور بزنس معاملات اور فلائٹ آپریشنز میں استحکام حاصل کرنے کے لیے قابلِ عمل اور خود مختار کارپوریٹ پلان کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہر طرح سے پی آئی اے انتظامیہ کے ساتھ ہے اور اس سے توقع کرتی ہے کہ وہ قومی ایئر لائن کو مقامی اور غیر ملکی مسافروں کے لیے معاشی طور پر مستحکم، قابلِ عمل اور خود مختار ایئرلائن بنانے کے لیے تندہی سے کام کرے گی۔

اس موقع پر ارشد ملک نے رہنمائی اور حمایت پر ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ لاگت کم کرنے کے لیے تقریباً ایک ہزار ’اضافی عملے‘ کو نکال چکی ہے۔

پی آئی اے سربراہ نے قبل از حج پروازوں میں 90 فیصد کارکردگی کے ساتھ اسے کامیاب قرار دیا اور توقع ظاہر کی کہ یہ نتائج بعداز حج آپریشن میں حاصل ہوں گے۔

اس موقع پر مشیر خزانہ نے وزارت خزانہ کی ٹیم کو پی آئی اے انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے اور مالیاتی گنجائش مدِ نظر رکھتے ہوئے انہیں ہر ممکن مالی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے پی آئی اے کے بزنس پلان، اس کی ضروریات اور دیگر مسائل پر بات کرنے کے لیے ایوی ایشن ڈویژن کے ساتھ منگل کو ایک اجلاس کی سربراہی کی تھی۔

اجلاس میں وزیر ہوا بازی غلام سرور خان، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، سیکریٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ایئر مارشل ارشد ملک نے شرکت کی۔

وزیر اعظم نے سفری سہولیات کی بہتری اور اضافے کے لیے پی آئی اے کو نئے طیارے خریدنے کے سلسلے میں وزارت خزانہ کو تعاون فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔

اجلاس میں ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ 2023 تک مجموعی طور پر 12 نئے طیارے فضائی بیڑے میں شامل کیے جائیں گے۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: