ایموپریم مال لاہور شہر کے بہترین شاپنگ مالز میں سے ایک ہے۔ اسے سیکورٹی اور خواتین کی آمد و رفت کے حوالے سے لاہور کی بہترین جگہ سمجھا جاتا ہے۔ تاہم اب صورتحال ایسی نہیں رہی۔
سوشل میڈیا پر بعض ویڈیو وائرل ہو رہی ہیں جو نائٹ ویژن کیمروں کی مدد سے بنائی گئی ہیں۔ یہ ویڈیوز ایمپوریم مال جوہر ٹاؤن کے سینی پیلس سینما کی ہیں۔ ان میں نوجوان جوڑوں کو انتہائی قریب ہو کر پیار محبت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو بنانے والوں نے سیکورٹی کیمروں سے انہیں بنایا ہے کیونکہ سینما میں نصب کیمروں میں نائٹ ویژن موجود ہے ۔ان جوڑوں کے چہرے فوکس کیے گئے ہیں اور اس کے نتیجے میں ان کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ بظاہر خفیہ طور پر نصب کردہ نائٹ ویژن کیمروں سے بنائی گئی یہ ویڈیوز سینما کے کسی اہلکار نے لیک کی ہیں۔
اہم سوال یہ ہے کہ کیا ان کیمروں کے متعلق کسٹمرز کو مطلع کیا گیا تھا؟ کسی کا قتل ہونے کی صورت میں کیا سینما انتظامیہ کی ذمہ داری نہیں ہو گی؟ اب تک پنجاب حکومت نے اس پر کیا ایکشن لیا ہے؟ کیا سینما کی درست شناخت کر کے تحقیقات مکمل ہونے تک سیل کر کے اس کی انتظامیہ کو گرفتار کیا گیا ہے؟