تحریک انصاف کی حکومت نے صحت انصاف کارڈ بانٹنے کے بعد سرکاری علاج گاہوں کے دروازے غریبوں پر بند کرنا شروع کردیئے ہیں۔
پہلے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات اور ٹیسٹ ختم کیے گئے اور اب مزدوروں کے لیے مختص سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں کو کمائی کا ذریعہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ لیبر پنجاب نے صرف مزدوروں کے علاج معالجے کے لیے مختص ہسپتالوں میں اب پرائیوٹ پریکٹس شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
پرائیوٹ پریکٹس کی اجازت کے بعد مزدوروں کے علاوہ دیگر لوگوں کا بھی پیسوں کے عوض علاج ہو گا۔ اس منصوبے سے محکمہ لیبر کو خاصی کمائی کی توقع ہے۔
محکمہ لیبر نے سمری منظوری کے لیے وزیر اعلی پنجاب کو ارسال کر دی ہے۔
سمری میں کہا گیا ہے کہ سوشل سیکورٹی ہسپتالوں کو صحت سہولت انصاف کارڈ پروگرام میں بھی شامل کیا جائے۔
قانون کے مطابق سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں میں صرف مزدور ہی علاج کرا سکتے ہیں۔ شہباز شریف دور میں بھی یہ منصوبہ بنایا گیا تھا لیکن پرائیوٹ مزدور تنظیموں کے احتجاج پر فیصلہ واپس لینا پڑا۔