کراچی سے کچرا صاف کرنے کے لیے پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج مصطفیٰ کمال کی جانب سے طلب کیا گیا اجلاس کے ایم سی افسران کی عدم شرکت کے باعث نہ ہوسکا۔
میئر کراچی کی جانب سے پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج تعینات کیے جانے کے بعد مصطفیٰ کمال نے رات گئے اصغر علی شاہ اسٹیڈیم میں اجلاس طلب کیا تھا جس میں کے ایم سی افسران کو شرکت کی ہدایت کی گئی تھی تاہم افسران کی عدم شرکت پر اجلاس نہ ہوسکا اور مصطفیٰ کمال اسٹیڈیم سے واپس روانہ ہوگئے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کے ایم سی افسران کو بریفنگ کے لیے بلایا تھا مگر وہ نہیں آئے، افسران نے بتایا کہ میئر کراچی نے انہیں آنے سے منع کردیا، میئر کو بھی فون کیا انہوں نے فون نہیں اٹھایا، چاہتا تھا کہ اپنے باس کو پیشرفت سے آگاہ کرسکوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں ایمرجنسی نافذ کی ہے، ہمیں رات دن کام کرناہے،بطور ڈائریکٹر محکمے سے بریفنگ لے لوں گا، میرے باس صرف میئر کراچی ہیں اور باقی دیگر میرے ماتحت ہیں۔
چیئرمین پی ایس پی اور ڈائریکٹر گاربیج کا کہنا تھا کہ موجودہ انتظامیہ کی نیت کام کرنے کی نہیں بلکہ پیسہ کمانے کی ہے۔
مجھے حرام نہیں کمانا اور وسائل اپنے لیے استعمال نہیں کرنے، موجودہ انتظامیہ نیت ٹھیک کر لے تو سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔