وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے۔
فردوس عاشق اعوان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ وزیراعظم آج قوم سے خطاب میں مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر بات کریں گے۔
خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد سے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ اور بھارتی فوج کی درندگی جاری ہے۔
آپ ہماری طرف اُنگلی اُٹھائیں گے تو ہاتھ توڑدیں گے: فواد چوہدری کا بھارت کو پیغام
بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں مظاہرین پر پیلٹ گنوں اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کر رہی ہیں جس سے سینکڑوں کی تعداد میں کشمیری زخمی ہو چکے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مقبوضہ وادی میں مسلسل 22 روز سے لاک ڈاؤن ہے، انٹرنیٹ سروس بند اور حریت رہنما اور سیاسی قیادت یا تو گھروں میں نظر بند ہے یا پھر جیلوں میں قید ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی افواج کی جانب سے گھروں میں گھس کر خواتین کی بے حرمتی کی جا رہی ہے اور چادر و چار دیواری کا تقدس بھی پامال کیا جا رہا ہے۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی المیے اور بھارتی بربریت کا نوٹس لیتے ہوئے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔