President Donald Trump and Indian Prime Minister Narendra Modi, step into the Rose Garden to make joint statements at the White House in Washington, Monday, June 26, 2017. (AP Photo/Susan Walsh)

ٹرمپ کی مودی سے گفتگو

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر بھارت اور پاکستان کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کو کم کر دیا جائے۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ترجمان ہوگان گڈلے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ‘صدر ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کو کم کرنے اور خطے میں امن کو برقرار رکھنے کی اہمیت سے آگاہ کیا’۔

ٹرمپ اور مودی کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘دونوں رہنماؤں نے گفتگو کی کہ تجارت میں توسیع کے ذریعے امریکا اور بھارت کے معاشی تعلقات کو کیسے آگے بڑھایا جائے گا’۔

ترجمان نے کہا کہ ‘دونوں ممالک کے رہنما جلد ہی دوبارہ ملاقات کے لیے بھی پرعزم ہیں’۔

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ نریندر مودی نے انہیں کشمیر کے مسئلے پر ثالثی کے لیے کہا تھا اور وہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔

امریکی صدر نے کہا تھا کہ ‘دو ہفتے قبل میری وزیر اعظم نریندر مودی سےملاقات ہوئی اور انہوں نے کہا کہ کیا آپ مصالحت کار یا ثالث بننا چاہیں گے تو میں نے پوچھا کہاں، جس پر انہوں نے کہا کہ کشمیر کیونکہ یہ مسئلہ کئی برسوں سے ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘میں یہ جان کر حیران ہوا کہ یہ مسئلہ طویل عرصے سے موجود ہے میرا خیال ہے کہ وہ اس کو حل کریں گے اور مجھے ثالث بن کر خوشی ہوگی’۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ‘میں کشمیر کے حوالے سے بہت کچھ سن چکا ہوں یہ ایک خوب صورت جگہ ہے لیکن وہاں روزانہ بمباری ہوتی ہے’۔

وزیر اعظم عمران خان نے ٹرمپ کے بیان کو خوش آئند قرار دیا تھا جبکہ بھارت کی حکومت کی جانب سے ٹرمپ کے بیان کو غلط فہمی قرار دیتے ہوئے اس تاثر کو مسترد کردیا تھا تاہم نریندر مودی نے اس کی تردید یا تائید کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا دنیا کے طاقت ور ترین ملک کی حیثیت سے برصغیر میں امن لانے کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘برصغیر کی آبادی ایک ارب سے زائد ہے اور وہ مسئلہ کشمیر کی بنیاد پر یرغمال ہیں اور میرا خیال ہے کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں طاقت ور ترین ریاست دونوں ممالک کو قریب لاسکتی ہے’۔

عمران خان نے کہا کہ ‘میں بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے اپنی طرف سے کی گئیں کوششوں کے بارے میں بہت کچھ بتا سکتا ہوں جو مذاکرات شروع کرنے کے اور مذاکرات کے ذریعے اپنے اخلافات کو ختم کرنے کے لیے کیے گئے لیکن بدقمستی سے ہم تاحال آگے بڑھ نہیں پائے تاہم مجھے امید ہے کہ صدر ٹرمپ اس عمل میں مدد کریں گے’۔

دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ‘ہم نے پریس میں صدر ٹرمپ کا بیان دیکھا ہے کہ اگرمسئلہ کشمیر پر بھارت اور پاکستان درخواست کرتے ہیں تو وہ ثالثی کے لیے تیار ہیں، اس طرح کی کوئی درخواست نریندر مودی نے امریکی صدر سے نہیں کی’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘بھارت کا یہ مستقل موقف ہے کہ پاکستان کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت صرف دو طرفہ ہوگی’۔

بعد ازاں بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کرنے کے لیے آئین کا آرٹیکل 370 کو بھی ختم کردیا تھا جس پر مقبوضہ کشمیر سمیت پاکستان اور دنیا بھر میں موجود کشمیریوں نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

بھارتی اقدام کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر ڈونلڈ ٹرمپ سے گفتگو کی تھی جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے بھی اس حوالے سے اجلاس طلب کیا گیا تھا جہاں اس پر بات کی گئی تھی۔

سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا تھا کہ پاکستان سلامتی کونسل کے اجلاس کا خیر مقدم کرتا ہے، جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے خط پر 72 گھنٹوں میں سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا گیا، جس میں مسئلہ کشمیر پر اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے کہا تھا کہ ہم سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے مطالبے میں تعاون کرنے پر چین کے شکر گزار ہیں۔

دوران بریفنگ ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز آج اعلیٰ ترین سفارتی سطح پر سنی گئی، کشمیری تنہا نہیں ہیں، ان کی آواز، ان کی حالتِ زار، مشکلات، تکالیف، اذیتوں، بھارتی قبضے اور اس کے نتائج کو آج اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں سنا گیا۔

x

Check Also

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے فیکٹری کے سری لنکن منیجر پریانتھا ...

%d bloggers like this: