کشمیرمیں انڈیا مخالف مظاہرے، چھرے لگنے سے درجنوں زخمی

کشمیرمیں انڈیا مخالف مظاہرے، چھرے لگنے سے درجنوں زخمی

نریندر مودی کی حکومت کی جانب سے انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے خلاف کشمیر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

سری نگر سے بی بی سی اردو کے نامہ نگار ریاض مسرور کے مطابق سنیچر کو سخت ترین کرفیو کے باوجود ہزاروں لوگوں نے صورہ کے علاقے میں احتجاجی مارچ کیا اور انڈیا مخالف نعرے بازی کی۔

نامہ نگار کے مطابق جلوس کے شرکا ‘ہم کیا چاہتے آزادی’، ’انڈیا واپس جاؤ‘ اور ’انڈیا کا آئین نامنظور‘ کے نعرے لگاتے رہے۔

اس جلوس میں بچے، جوان اور بوڑھے کشمیریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اور جلوس پر پولیس کی فائرنگ سے درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

سرینگر کے قمرواری علاقے میں پولیس نے مشتعل ہجوم کا تعاقب کیا تو کچھ نوجوان دریا میں کود پڑے جس کے باعث ایک نوجوان غرقاب ہوگیا۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ گذشتہ پانچ روز کے دوران پرتشدد مظاہروں کے تقریباً 100 واقعات پیش آئے ہیں جن میں بیس سے زیادہ افراد چھرے اور اشک آور گیس کے گولے لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔

اس سے قبل سری نگر میں ہی موجود بی بی سی کے نمائندے عامر پیرزادہ نے بتایا تھا کہ سری نگر کے مختلف ہسپتالوں سے حاصل کردہ اعدادوشمار کے مطابق مجموعی طور پر کم از کم 52 افراد کو چھرّوں سے زخمی ہونے کی وجہ سے ہسپتالوں میں لایا گیا ہے جن میں سے کم از کم تین افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

کشمیر میں نیم فوجی اہلکاروں کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ماضی میں بھی چھرّوں والے کارتوسوں کا استعمال کیا جاتا رہا ہے جس پر عالمی سطح پر تنقید بھی ہوتی رہی ہے۔

نامہ نگار ریاض مسرور کا کہنا ہے کہ گذشتہ 30 برس میں سخت ترین کرفیو اور مواصلاتی مقاطعے کی وجہ سے افواہوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور لوگ تاہم گورنر ایس پی ملک نے اعلان کیا ہے کہ لوگوں کو عید منانے میں تکلیف نہیں ہو گی، کیونکہ ‘مختلف علاقوں میں غذائی اجناس کی موبائل گاڑیاں بھیجی جائے گی، سبزیوں اور گوشت کے لیے منڈیاں قائم ہوں گی جن تک لوگوں کی رسائی ممکن ہوگی۔’

جمعے کو شہریوں کو اپنی مقامی مساجد میں نمازِ جمعہ ادا کرنے کی اجازت تو دی گئی تاہم سری نگر کی جامع مسجد کو بند رکھا گیا۔

کارگل میں صورتحال

ادھر کارگل میں عوام نے لداخ کو مرکز کے زیرِانتظام علاقہ بنانے اور وہاں اسمبلی قائم نہ کرنے کے خلاف مظاہرے کیے ہیں جن کے بعد پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

کارگل میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار زبیر احمد کے مطابق انڈین حکومت کے فیصلے کے بعد سے علاقے میں ماحول شدید تناؤ کا شکار ہے اور کارگل کے لوگ مرکزی حکومت سے کافی ناراض دکھائی دیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ عوام اس بات پر برہم ہیں کہ کارگل کو لداخ میں شامل کیا گیا ہے اور انھیں ایک قانون ساز اسمبلی بھی نہیں دی گئی جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ ووٹ ڈالنے کے اہل بھی نہیں ہیں۔

نامہ نگار کے مطابق چار دن سے کارگل مکمل طور بند ہے اور لوگوں نے جمعے کو بھی احتجاجاً دکانیں بند کر رکھیں۔

زبیر احمد کا کہنا ہے کہ کارگل میں پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری تعینات ہے اور نوجوانوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کے واقعات کے بعد چند نوجوانوں کو پولیس نے حراست میں بھی لیا ہے۔

‘چین پاکستان کے سلامتی کونسل میں جانے کی حمایت کرتا ہے’

پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھی چینی ہم منصب سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ چین نے کشمیر کے معاملے پر پاکستان کے سلامتی کونسل میں جانے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ژی سے ملاقات کے بعد جمعے کی شب اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انھوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران چین کے وزیرِ خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ انڈیا کے اس اقدام سے اس کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کی حیثیت اور ہیئت میں تبدیلی واقع ہوئی ہے۔

شاہ محمود قریشی کے مطابق پاکستان نے اس معاملے پر سلامتی کونسل میں جانے کا جو فیصلہ کیا ہے، چین اس کی حمایت کرے گا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ اس بات پر بھی اتفاق ہوا ہے کہ انڈین اقدامات سے خطے کے امن و استحکام کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

وزیرِ خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور چین کا مشترکہ مؤقف ہے کہ جموں و کشمیر ایک متنازع علاقہ تھا اور ہے۔ ‘اقوام متحدہ نے اسے (متنازع علاقہ) تسلیم کیا ہے اور اس کا حل بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا چاہیے۔’

واضح رہے کہ پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی جمعرات کو رات گئے چین کے دورے پر روانہ ہوئے تھے۔

پاکستان انڈیا کی جانب سے انڈین آئین کی شق 370 کے تحت ریاست جموں و کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت کے خاتمے کے حوالے سے مختلف ممالک کے سفراء و مندوبین کو اپنی پوزیشن سے آگاہ کر رہا ہے۔

اسی تناظر میں پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے چند دن قبل ملائیشیا کے وزیرِ اعظم مہاتیر محمد اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان سے ٹیلی فون پر بات کی تھی۔

انڈیا کا پاکستان پر دنیا کو گمراہ کرنے کا الزام

اس سے قبل انڈیا نے پاکستان پر دنیا کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ انڈیا کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہے۔

انڈیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے جمعے کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق انڈیا کے فیصلے کی حقیقت کو تسلیم کرے۔

پاکستان نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے فیصلے کے بعد انڈیا کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات میں کمی کا اعلان کیا ہے اور انڈیا کے سفیر کو ملک سے چلے جانے اور اپنے نامزد سفیر کو دلی نہ بھیجنے کے علاوہ دونوں ملکوں کے ٹرین رابطوں اور تجارت کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انڈین وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے نیوز کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی حکومت نے دنیا کے کئی ملکوں کے سفیروں اور عالمی تنظیموں کے نمائندوں کو انڈیا کی پوزیشن سے روشناس کروایا ہے اور بتایا ہے کہ شق 370 سے متعلق تبدیلی انڈیا کا مکمل طور پر اندرونی معاملہ ہے اور اس کا تعلق انڈیا کے آئین سے ہے جو انڈیا کے اقتدار اعلیٰ کے دائرے میں ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان یکطرفہ قدم اٹھا کر اس اندرونی معاملے کو دنیا کے سامنے باہمی رشتے کی پریشان کن صورتحال کے طور پر پیش کر رہا ہے لیکن اسے ہر جگہ ناکامی ہوئی ہے۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: