کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ہلکی تیز بارش

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ہلکی تیز بارش

مون سون کا دوسرا سسٹم سندھ میں داخل ہوتے ہی کراچی سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا آغاز ہوگیا۔

کراچی کے علاقے نیو کراچی، سرجانی، شارع فیصل، ائیرپورٹ، ڈالمیا، یونیورسٹی روڈ، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، ڈیفنس، کلفٹن، صدر، ماڈل کالونی اور گلستان جوہر میں صبح سے ہی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری  ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ ویل مارکڈ لو پریشر کی صورت میں سندھ میں داخل ہوگیا ہے جس سے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارش کا سلسلہ 36سے 42 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

بارش کے باعث لیاقت آباد سی ون ایریا، نارتھ ناظم آباد، طارق بن زیاد سوسائٹی نارتھ کراچی، نیو کراچی، شادمان ٹاؤن ،سرجانی، پہلوان گوٹھ، صفورا گوٹھ اور اسکیم 33  سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق منگھوپیر میانوالی کالونی میں کرنٹ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق بارش برسانے والے سسٹم کا مرکز ابھی دور ہے، شام 5بجے کے بعد بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوسکتاہے اور بارش رات گئے تک جاری رہ سکتی ہے۔

سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی میں کبھی تیز اور کبھی موسلا دھار بارش ہوگی،  سسٹم کے کمزرو ہونے کے امکانات کم ہیں، کل اس سے زیادہ بارش ہوسکتی ہے جب کہ سسٹم مزید قریب آیا تو پورے اسپیل میں 150ملی میٹر کی حد پار کرسکتا ہے۔

شہری کھمبوں اور ٹوٹی ہوئی تاروں سے دور رہیں

کے الیکٹرک کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ بارش کے موسم میں احتیاط برتیں۔

ترجمان کے الیکٹرک نے ہدایت کی کہ شہری ٹوٹے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں، برقی آلات کو ننگے پاؤں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ نہ چھوئیں۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے بجلی ہرگز حاصل نہ کریں، کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر فوری رابطہ کریں۔

خراب موسم کے باعث پروازیں منسوخ:

 ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی ناموافق صورتحال کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) نے 10 اور 11 اگست کے لئے اپنی بعض پروازوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

قومی ائیرلائن کے مطابق ہفتہ 10 اگست 2019 کو کراچی سے سکھر اور پھر کراچی واپسی کی پروازیں پی کے 536 اور 537 ، اسلام آباد سے بہاولپور اور پھر اسلام آباد کی پروازیں پی کے 687 اور 688، اسلام آباد سے سکھر اور پھر اسلام آباد کی پروازیں پی کے 631 اور 632 منسوخ کر دی گئی ہیں۔

پی آئی اے نے آج ملتان سے کراچی کی پرواز پی کے 581 کا وقت تبدیل کرکے دوپہر ڈھائی بجے کر دیا ہے۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: