وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج ایسا لگا کہ میں کسی دورے سے نہیں بلکہ ورلڈ کپ جیت کر آ رہا ہوں۔
دورۂ امریکا سے واپسی پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا صرف اس کی عزت کرتی ہے جو اپنی عزت کرتا ہے، ہاتھ پھیلانے والوں کی دنیا عزت نہیں کرتی۔ پاکستانیوں کو دنیا کی عظیم قوم بنانا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے خوددار قوم بننا ہے، نہ خود کسی کے سامنےجھکا ہوں اور نہ ہی اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنےدوں گا۔
انہوں نے کہا کہ رات کے اس پہر شاندار استقبال پر کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چور اور ڈاکو حکومت نہ کرتے تو یہ ملک ایک عظیم ملک بن چکا ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو کبھی مایوس نہیں کروں گا، ایک سال لگا ہے ملک کو سنبھالنے میں، اسی قوم سے ٹیکس اور پیسا اکٹھا کریں گے اور اسی قوم پر خرچ کریں گے۔

عمران خان کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر فردوس عاشق اعوان، مرادسعید، اعظم سواتی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، مشیر ہوابازی غلام سرورخان اور دیگر وفاقی وزرا و پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔