اسلام آباد: حکومت نے بزرگ شہری کی شکایت پر انگوٹھے کے نشانات مٹ جانے والے شہریوں کے لیے بائیومیٹرک کی شرط ختم کرنےکافیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ایک بزرگ شہری نے اس حوالے سے شکایت کی تھی جس پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیا اور نادرا کو ایسے افراد کے لیے مختلف لائحہ عمل ترتیب دینے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کی ہدایت پر اب انگوٹھے کے نشانات مٹ جانے والے بزرگ شہریوں کے لیے بائیومیٹرک شرط ختم کرنےکا فیصلہ کیا ہے اور ایسے شہریوں پر شناختی کارڈز، موبائل سم اور بینک اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے بائیومیٹرک کی شرط لاگو نہیں ہو گی۔
بزرگ شہری متبادل نظام کے تحت فارم (ب) کی مدد سے تصدیق کے عمل کو مکمل کروا سکیں گے۔
وزیراعظم نے نادرا کو 30 روز کے اندر ان احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جب کہ وزیراعظم آفس، وزارت داخلہ اور نادرا کے درمیان ٹاسک مینجمنٹ سسٹم بھی قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔