ن لیگ کے پاس جج ارشد ملک کی کئی دھماکا خیز ویڈیوز موجود

ن لیگ کے پاس جج ارشد ملک کی کئی دھماکا خیز ویڈیوز موجود

دی نیوز اور جنگ سے وابسطہ صحافی انصار عباسی کے مطابق
معلوم ہوا ہے کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی خفیہ طور پر کئی مرتبہ ویڈیو بنائی گئی ہے جن میں وہ نواز شریف کیس کے متعلق بات کر رہے ہیں۔ نون لیگ کے ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ خفیہ طور پر ریکارڈ کی گئی ویڈیوز کا تعلق صرف ناصر بٹ (جنہیں اُس ویڈیو میں جج کے ساتھ بیٹھے ہوئے دکھایا گیا تھا جو مریم نواز شریف نے چند روز قبل دکھائی تھی) سے نہیں۔ یہ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ جج نے کچھ دیگر لوگوں سے بھی بات چیت کی ہے، جنہوں نے مبینہ اعتراف کی ویڈیوز بنائیں اور ان میں جج ارشد ملک نے واقعی کچھ دھماکا خیز انکشافات بھی کیے ہیں۔ جج کی حال ہی میں ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں وہ ایک اہم شخص کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں جس کا تعلق نون لیگ اور شریف فیملی سے ہے۔ یہ ویڈیو تقریباً ایک ماہ قبل ریکارڈ کی گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو پاکستان سے باہر جج کے غیر ملکی دورے کے موقع پر ریکارڈ کی گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف فیملی کے پاس یہ تمام ویڈیوز موجود ہیں اور اب تک انہوں نے صرف وہی حصے جاری کیے ہیں جن میں جج مبینہ طور پر ناصر بٹ کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ انتہائی دھماکا خیز مواد، جس کا حوالہ مریم نواز نے ڈھکے چھپے انداز میں اپنی گزشتہ پریس کانفرنس میں دیا تھا، اس ویڈیو فلم کے متعلق ہے جو پاکستان میں ریکارڈ کی گئی تھی لیکن یہ وہ ویڈیوز نہیں جن میں جج صاحب ناصر بٹ کے ساتھ بیٹھے ہیں۔ جیسا کہ دی نیوز نے پیر کو خبر شائع کی تھی کہ ان ویڈیوز میں سے ایک میں احتساب عدالت کے جج نے مبینہ طور پر آئینی عہدہ رکھنے والے ایک سینئر عہدیدار کا نام لیا تھا۔ یہ عہدیدار اب ریٹائر ہو چکے ہیں اور ریاستی ادارے میں انتہائی معزز اور اہم ترین شخص تھے۔ کہا جاتا ہے کہ مذکورہ ویڈیو میں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک مبینہ طور پر تفصیلی احوال پیش کر رہے تھے کہ کس طرح ان پر نواز شریف کیخلاف فیصلہ لکھنے کیلئے دبائو ڈالا گیا۔ انہوں نے مبینہ طور پر اُن افراد کے نام بھی لیے جنہوں نے انہیں ایسا کرنے پر مجبور کیا تھا۔ ہفتہ کو مریم نواز شریف نے ایک دھماکا خیز ویڈیو میڈیا کے سامنے پیش کی جس میں مبینہ طور پر احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو ایک شخص کو یہ کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ ثبوت نہ ہونے کے باوجود انہیں نواز شریف کیخلاف فیصلہ دینے کیلئے بلیک میل کیا گیا اور مجبور کیا گیا۔ جج کو دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ناصر بٹ نامی شخص کو یہ کہہ رہے ہیں کہ ’’اُن کے پاس ہر شخص کیخلاف خفیہ مواد ہے۔ انہوں نے مجھے بلایا اور ایک ویڈیو دکھائی جسے دیکھنے کے بعد میرے پاس وہ کچھ کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا جس کا وہ مطالبہ کر رہے تھے۔‘‘ تاہم، احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے مریم نواز کی پیش کردہ ویڈیو کو من گھڑت اور جعلی قرار دیا ہے اور کہا ہے ویڈیو میں مختلف مقامات پر ان کی بات چیت کو توڑ مروڑ کر دکھایا گیا ہے۔ جج ملک نے اس اقدام کے پیچھے افراد کیخلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ طویل عرصہ سے ناصر بٹ کو جانتے ہیں جو سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی ہیں، کیونکہ دونوں کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔ جج نے کہا کہ یہ ویڈیو انہیں، ان کی فیملی اور عدلیہ کے ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔ جج نے کہا کہ نواز شریف اور شریف فیملی کے دیگر ارکان کیخلاف ٹرائل کے دوران کئی مواقع پر انہیں رشوت کی پیشکش کی گئی اور تعاون نہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: