سندھ کے وزیر ناصر حسین شاہ مستعفی

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رکن سندھ اسمبلی ناصر حسین شاہ نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا جس کو وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے منظوری کے لیے گورنر سندھ کو بھیجوا دیا۔

ناصر حسین شاہ نے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کو بھیجے گئے استعفے میں کہا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات کے باعث صوبائی وزیر کے عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ناصر حسین شاہ کے استعفے کو قبول کرتے ہوئے گورنر سندھ کو آئین کی شق 132 (3) کے تحت ان کے استعفے کو منظور کرنے کی سفارش کردی ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی ناصر حسین شاہ جنگلات سمیت 5 محکموں کے قلم دان تھے جن سے انہوں نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ناصر حسین کے پاس ورکس اینڈ سروسز کے ساتھ ساتھ محکمہ آب پاشی، محکمہ مذہبی امور، جنگلات اور جنگلی حیات کے محکموں کا اضافی قلم دان بھی تھا۔

ناصر حسین شاہ کے استعفے کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان رشید چنا کا کہنا تھا کہ ‘وہ قومی اسمبلی کے حلقے میں پی پی پی امیدوار سردار محمد بخش مہر کی انتخابی مہم چلانے جارہے ہیں جو وفاقی وزیر علی محمدمہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی’۔

اس حوالے سے قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ گھوٹکی میں قومی اسمبلی کے حلقے میں ضمنی انتخاب پی پی پی کی قیادت کے لیے ایک امتحان بن گیا ہے اور ناصر حسین شاہ اس انتخاب کے لیے مستعفی ہونے والے دوسرے صوبائی وزیر ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر عبدالباری پتافی نے بھی وزارت سے استعفیٰ دیا تھا اور ذرائع کے مطابق وہ حلقے میں مہم چلانے کے لیے مستعفی ہوئے تھے۔

ضمنی انتخاب میں سردار محمد بخش مہر کے مقابلے میں علی محمد مہر کے بھائی علی گوہر ہیں جن کو وفاقی حکومت کا تعاون حاصل ہے جبکہ مہر قبیلے میں پہلی مرتبہ اختلافات سامنے آئے ہیں تاہم محمد بخش مہر قبیلے کے سردار ہیں۔

ناصر حسین شاہ ماضی میں مہربرادران کے خلاف مہم چلاتے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ علی محمد مہر 21 مئی 2019 کو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے تھے۔

علی محمد خان مہر نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 205 سے آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لے کر کامیابی حاصل کی تھی۔

کامیابی کے بعد انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کی تھی، تاہم وزیراعظم عمران خان نے انہیں کابینہ میں شامل کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات کا قلم دان سونپا تھا۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: