ٹویوٹا اور ہونڈا کے بعد اب پاک سوزوکی نے اپنی گاڑیوں کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔
پرو پاکستانی کی ایک رپورٹ کے مطابق سوزوکی نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی اور بجٹ 2019.20 میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد ہونے کے بعد گاڑیوں کی قیمتوں میں 40 ہزار روپے سے 3 لاکھ 29 ہزار روپے کا اضافہ کیا ہے۔
رواں سال کے دوران پاک سوزوکی جانب سے کئی بار گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے اور اب نئے اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔ تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ اس اضافے کا اطلاق پہلے سے کیے گئے آرڈرز پر نہیں ہوگا۔
ماضی میں یہ کمپنی کہہ چکی ہے کہ پاکستان میں اسمبل کی جانے والی گاڑیوں کے بیشتر پرزے بیرون ملک سے درآمد کیے جاتے ہیں اور جب بھی پاکستانی روپے کی قدر گرتی ہے تو ان پرزوں کی قیمت میں اضافہ ہوجاتا ہے، جس کے باعث گاڑیوں کی قیمت بھی بڑھ جاتی ہے۔
پاک سوزوکی جانب سے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن ڈیلرز بھیج دیا گیا ہے اور ان کے مطابق گاڑیوں کی قیمتیں کچھ اس طرح ہیں:
سوزوکی مہران وی ایکس: اس گاڑی کی قیمت 40 ہزار روپے اضافے سے 7 لاکھ 99 ہزار سے بڑھا کر 8 لاکھ 40 ہزار روپے کردی گئی ہے۔
سوزوکی مہران وی ایکس آر : 43 ہزار روپے اضافے کے بعد اب 8 لاکھ 80 ہزار کی بجائے 9 لاکھ 23 ہزار روپے میں فروخت ہوگی۔
سوزوکی راوی : ایک لاکھ 69 ہزار روپے اضافے کے بعد7 لاکھ 96 ہزار سے بڑھ کر 9 لاکھ 65 ہزار روپے۔
سوزوکی بولان : یہ ایک لاکھ 76 ہزار روپے اضافے کے بعد 8 لاکھ 74 ہزارروپے کی بجائے10 لاکھ 50 ہزار روپے میں فروخت ہوگی۔
سوزوکی بولان کارگو : اس کی قیمت ایک لاکھ 75 ہزار روپے اضافے سے 8 لاکھ 40 ہزار روپے سے بڑھ کر 10 لاکھ 15 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
سوزوکی سوئفٹ این اے وی آئی۔ایم ٹی : اس گاڑی کی قیمت میں 3 لاکھ 20 ہزار روپے اضافہ ہوا ہے اور یہ اب 15 لاکھ 85 ہزار روپے سے بڑھ کر 19 لاکھ 5 ہزار روپے کی ہوگئی ہے۔
سوزوکی سوئفٹ این اے وی آئی۔اے ٹی : یہ 3 لاکھ 29 ہزار روپے اضافے سے 17 لاکھ 21 ہزار سے بڑھ کر 20 لاکھ 50 ہزار روپے کی ہوگئی ہے۔
سوزوکی کلٹس وی ایکس آر : یہ گاڑی 3 لاکھ 5 ہزار روپے اضافے کے بعد 14 لاکھ 40 ہزار روپے سے بڑھ کر 17 لاکھ 45 ہزار روپے کی ہوگئی ہے۔
سوزوکی کلٹس وی ایکس ایل : اس کی قیمت میں 3 لاکھ 4 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے اور یہ اب 15 لاکھ 51 ہزار روپے کی بجائے 18 لاکھ 55 ہزار روپے میں فروخت ہوگی۔
سوزوکی کلٹس اے جی ایس : یہ تین لاکھ 7 ہزار روپے اضافے کے بعد 16 لاکھ 68 ہزار روپے سے بڑھ کر 19 لاکھ 75 ہزار روپے کی ہوگئی ہے۔
سوزوکی ویگنر آر وی ایکس آر: اس کی قیمت میں 2 لاکھ 76 ہزار روپے اضافہ ہوا ہے اور یہ اب 12 لاکھ 64 ہزار روپے کی بجائے 15 لاکھ 40 ہزار روپے میں فروخت ہوگی۔
سوزوکی ویگنر آر وی ایکس ایل : یہ 2 لاکھ 81 ہزار روپے اضافے سے 13 لاکھ 44 ہزار کی بجائے 16 لاکھ 25 ہزار روپے کی ہوگئی ہے۔
سوزوکی سیاز جی ایل۔ ایم ٹی : ایک لاکھ 40 ہزار روپے اضافے کے بعد 13 لاکھ 44 ہزار روپے سے بڑھ کر 16 لاکھ 25 ہزار روپے کی ہوگئی ہے۔
سوزوکی سیاز جی اے۔ اے ٹی : اس گاڑی کی قیمت میں 2 لاکھ روپے اضافہ ہوا ہے اور اب یہ 23 لاکھ روپے سے بڑھ کر 25 لاکھ کی ہوگئی ہے۔
سوزوکی ویتارا جی ایل ایکس : 2 لاکھ 5 ہزار روپے اضافے کے بعد اب یہ گاڑی 40 لاکھ 90 ہزار روپے سے بڑھ کر 42 لاکھ 95 ہزار روپے کی ہوگئی ہے۔
سوزوکی جمنی جے ایل/ڈی ایکس : یہ جیپ ایک لاکھ 25 ہزار روپے اضافے سے 24 لاکھ 93 ہزار روپے کی جگہ 26 لاکھ 18 ہزار روپے کی ہوگئی ہے۔
سوزوکی اے پی وی 1.5 جی ایل ایکس۔ ایم ٹی : یہ گاڑی 3 لاکھ 20 ہزار روپے اضافے کے بعد 31 لاکھ 40 ہزار روپے کی بجائے 34 لاکھ 60 ہزار روپے میں فروخت ہوگی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ہونڈا اور ٹویوٹا نے بھی اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، جس کا اطلاق یکم جولائی سے ہی ہوگیا ہے۔