وزیراعظم سے کون کون ملا؟

وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے اراکین کے نام سامنے آگئے جب کہ سابق لیگی رکن اسمبلی یونس انصاری نے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کی قیادت میں 15 ایم پی ایز اور 5 ایم این ایز نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے 11 لیگی اراکین میں غیاث الدین، شعیب اویسی، چوہدری اشرف انصاری، فیصل خان نیازی، غلام قاسم ہنجرا، محمد ارشد، اظہر چانڈیہ، غضنفر لنگاہ، جلیل احمد شرقپور، نشاط احمد خان ڈاہا شامل تھے۔

سابق لیگی رہنما اور آزاد حیثیت سے انتخابات میں کامیاب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی یونس انصاری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ممبران اسمبلی نے میری قیادت میں عمران خان سے ملاقات کی اور جلد ہی پارٹی کے سندھ کے بڑے گروپ کی وزیر اعظم سے ملاقات کرائی جائے گی۔

یونس انصاری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نااہل سیاستدان ہیں، جنھیں اپنے گھر کی خبر نہیں، اقبال گوجر نے انہیں مسلم لیگ (ن) میں واپسی کی دعوت دی جو ٹھکرا دی تھی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ملنے والوں میں سابق لیگی رکن اسمبلی یونس انصاری کے بھائی ایم پی اے اشرف انصاری بھی شامل تھے۔

دوسری جانب لیگی رکن صوبائی اسمبلی مولانا غیاث الدین کا کہنا ہے کہ عمران خان سے میں اور جلیل شرقپوری اپنے حلقے کے مسائل بارے ملے تھے تاہم میں مسلم لیگ (ن) میں ہی ہوں۔

 اپوزیشن بکھر رہی  ہے، فواد چودھری

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن بکھر رہی ہے، ہماری مخالف سیاسی جماعتیں اس وقت بکھرنے کے موڈ میں ہیں، ن لیگ میں جو گروپنگ ہورہی ہے وہ ان کی اپنی لیڈر شپ کی وجہ سے ہورہی ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ (ن) میں قیادت کی جنگ ہے، لوگ پارٹی چھوڑ رہے ہیں، ایم این ایز اور سینیٹرز بھی (ن) لیگ کو جلد چھوڑیں گے، رات کو ایک ملاقات میں کچھ لوگ ملے ہیں اور 12 ایم پی ایز کی فہرست جلد سامنے آئے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز نے اپنے والد کو اقتدار سے نکلوایا، جیل بھجوایا اور قیادت سنبھال لی جب کہ شہباز شریف کی لیڈرشپ پر بھی شب خون مارا، لوگ اس لیے (ن) لیگ چھوڑ رہے ہیں کیونکہ انہیں مریم نواز کی ذہنیت کا پتہ ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کبھی کرائسز کے لیڈر نہیں تھے، انہیں پارٹی میں اب کوئی نہیں پوچھتا، وہ پارٹی کے اندر فضل الہیٰ بن کر رہ گئے ہیں، کہتے ہیں جب کشتی ڈوبتی ہے تو بوجھ ہٹا دیا جاتا ہے، شہباز شریف بھی یہی کررہے ہیں، شہباز شریف تمام کمیٹیوں سے استعفا دے چکے ہیں اور وہ اب صرف لیڈر آف اپوزیشن ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں کوئی قیادت اور ذہانت نہیں ہے اس لیے پارٹی ٹوٹ کر بکھر رہی ہے جب کہ کل گوجر خان میں چند لوگوں کا اجتماع تھا اور بلاول وہاں خطاب کرنے چلے گئے۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ‘میرا نہیں خیال اپوزیشن سینیٹ چیئرمین کی تبدیلی کا رسک لے گی’۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی بات کو مان کر سیاست کرنے والوں نے اپنا بیڑا غرق کیا، دانیال عزیز کا پتا کریں اب کدھر ہیں، جو لوگ حلقے کی سیاست کرتے ہیں وہ زمینی حقائق کو دیکھ کر سیاست کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اپوزیشن کے لیڈر ہی نہیں ہیں، خواجہ آصف نے کہا کہ میں مریم نواز کے مؤقف کی تائید کرتا ہوں، شہباز شریف کا کوئی بیانیہ نہیں، مریم نواز کا بیانیہ ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بلاول بھٹو، شہباز شریف اور دیگر سلیکٹڈ سلیکٹڈ کرتے رہے اور ہم نے بجٹ پاس کرالیا، خارجہ پالیسی کے نئے اہداف حاصل کرنے جارہے ہیں، چھ ماہ بعد معاشی طور پر حالات بہتر ہوں گے۔  

وفاقی وزیر کا بتانا تھا کہ قطر سے 3 ملین ڈالر کی قسط موصول ہوگئی ہے، 9.8 بلین ڈالر اب تک قرضوں کی مد میں واپس کرچکے ہیں، سود اور قرضہ جو واپس کیا وہ سندھ کے پورے بجٹ کے برابر ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 5600 ارب روپے کا ٹیکس وصولی کا ہدف رکھا ہے، معیشت کا اصل چیلنج ٹیکس کلیکشن ہے۔

ممالک سے تعلقات سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ جلد پاکستان آرہے ہیں، بھارت سے بھی اب ہمیں مثبت رسپانس ملے گا جب کہ قندھار میں ایک کاسمیٹکس یونیورسٹی اور  کابل میں معدنیات کی ایک یونیورسٹی بنانے کی بھی پیش کش کی ہے۔

لوٹوں کا گھیراؤ خود کروں گا، رانا ثنا

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ لوٹا بننے والے مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی کے گھروں کا گھیراؤ کرنے والے کارکنوں کی قیادت وہ خود کریں گے۔

رانا ثناء اللہ نے لیگی ارکان اسمبلی کی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 4 سے 5 لیگی ارکان کی ملاقات کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات کرنے والے بیشتر نام آزاد حیثیت میں الیکشن جیت کر (ن) لیگ میں شامل ہوئے، ان میں ایک فیصل خان نیازی تحریک انصاف کا ٹکٹ نہ ملنے پر آخری روز (ن) لیگ میں شامل ہوئے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ اشرف انصاری کو (ن) لیگ نے پنجاب اسمبلی کا ٹکٹ دے کر واپس لیا اور پھر دے دیا، جمیل شرقپوری بھی الیکشن سے چند روز قبل تحریک انصاف سے پارٹی میں آئے تھے۔

رانا ثناء اللہ خان کے مطابق غیاث الدین ماضی میں بھی سیاسی وابستگیاں تبدیل کرتے رہے ہیں جب کہ خانیوال سے رکن پنجاب اسمبلی نشاط ڈاہا بھی حالات کے مطابق سیاسی وابستگی رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی لیگی رکن پی ٹی آئی حکومت کی ڈوبتی کشتی میں سوار نہیں ہوگا، کسی لیگی ایم پی اے نے استعفیٰ دیے بغیر لوٹا بننے کی کوشش کی تو حلقے کی عوام گھیراؤ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ لوٹا بننے والے ارکان اسمبلی کے گھروں کا گھیراؤ کرنے والے کارکنوں کی قیادت کروں گا۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: