بنگلادیش کو شکست، آسٹریلیا پھر نمبرون

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019کے 26ویں میچ میں آسٹریلیا نے بنگلادیش کو 48رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی۔

دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے بنگلادیش کے خلاف مقررہ 50اوورز میں 6وکٹ پر 381رنز بنائے اور حریف ٹیم کےلئے 382رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

بنگلادیشی ٹیم 382رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 50اوورز میں 8 وکٹ پر 333 رنز تک محدود رہی۔

مشفق الرحیم 102رنز پر ناٹ آؤٹ رہے تاہم وہ اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار نہ کراسکے،دیگر کھلاڑیوں میں محمود اللہ 69، تمیم اقبال 62 اور شکیب الحسن 41 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف گزشتہ میچ میں برق رفتار 94رنز کی اننگز کھیلنے والے لٹن داس اس بار صرف 20رنزبناکر پویلین لوٹ گئے۔

بنگلادیش کے دیگر کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی خاطر خواہ کارکردگی پیش نہ کرسکا۔

آسٹریلیا کی طرف سے کولٹر نائل، مچل اسٹارک اور مارکس سٹوائنس نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر کے 166، عثمان خواجہ کے 89 اور کپتان ایرون فنچ کے53 رنز کی بدولت اسکور بورڈ پر 382رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

ڈیوڈ وارنر کو شاندار اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آسٹریلیا نے ایک بار پھر نیوزی لینڈ سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے، دفاعی چیمپئن 6 میچز کھیل کر 10پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

نیوزی لینڈ 5میچز کھیل کر 9پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ انگلینڈ 8پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور بھارت 7پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

x

Check Also

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی  انشا آفریدی گزشتہ روز  پیا ...

%d bloggers like this: