ایک اننگ میں 17 چھکوں کا ریکارڈ

انگلینڈ میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ میں انگلش کپتان اوئن مورگن نے افغانستان کے خلاف 17 چھکے لگا کر ون ڈے کرکٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانےکا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارتی بلے باز روہت شرما کے پاس تھا جنھوں نے 2013 میں آسٹریلیا کے خلاف 16چھکے لگائے تھے۔

اولڈ ٹریفورڈ میں افغانستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے افغانستان کے بولرز کا بُھرکس نکال دیا، 17چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 71گیندوں پر 148 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

انگلش کپتان نے ایک روزہ کرکٹ میچوں کی تاریخ میں ایک اننگز میں کسی بھی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے مارنےکا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اوئن مورگن مجموعی طور پر 193 چھکوں کے ساتھ انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

اس میں کسی اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگنے کا ریکارڈ بھی بنا اور انگلینڈ نے اپنا ہی ریکارڈ توڑتے ہوئے مجموعی طور پر 25 چھکے لگائے۔

اس میچ میں جہاں اوئن مورگن نے مثبت ریکارڈ اپنے نام کیے وہیں کئی ناپسندیدہ ریکارڈ افغانستان کے نام ہوئے۔

بدترین ریکارڈ افغانستان کے نام
دنیا کے بہترین اسپنر تصور کیے جانے والے راشد خان ورلڈکپ تاریخ کے سب سے مہنگے بولر اور کسی بھی اننگز میں 100 رنز سے زیادہ رنز دینے والے دنیا کے پہلے اسپنر بن گئے۔

دائیں ہاتھ کے اسپنر راشد خان نے 12.22 کے اکانومی ریٹ سے 9 اوورز میں 109 رنز دیے جو کہ نہ صرف ورلڈکپ میں بلکہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں اکانومی کے اعتبار سے کسی بھی بولر کی سب سے بدترین کارکردگی ہے۔

صرف یہی نہیں بلکہ راشد خان کو اپنے 9 اوورز میں 11 چھکے لگے جو کہ ایک روزہ کرکٹ میں کسی بھی بولرز کو ایک اننگز میں لگنے والے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔

ایک روزہ کرکٹ کے سب سے مہنگے ترین بولر آسٹریلیا کے مائیک لوئس ہیں جنہوں نے 2006 میں جنوبی افریقا کے خلاف 10 اوورز میں 113 رنز دیے تھے۔

اس کے علاوہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں 50 اوورز میں سب سے زیادہ رنز دینے کا ریکارڈ (417رنز) پہلے سے ہی افغانستان کے نام ہے جو کہ اس نے 2015 کے ورلڈ کپ میں دیا تھا۔

اُس میچ میں افغانستان کو 275 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جو کہ ورلڈکپ کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بدترین شکست تھی۔

x

Check Also

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی  انشا آفریدی گزشتہ روز  پیا ...

%d bloggers like this: