ورلڈکپ میں پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد کھلاڑیوں کی شیشہ پارلر کی وائرل ویڈیو پر ایسا تنازع کھڑا ہوا جو تھمنے کا نام نہیں لے رہا اور اسی حوالے سے سوشل پر ثانیہ مرزا اور وینا ملک کی تکرار بھی ہوئی۔
اداکارہ وینا ملک نے ایک ٹوئٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’ دراصل ثانیہ میں بچے کے لیے پریشان ہوں، آپ لوگ اسے شیشے پارلر لے گئے کیا یہ خطرناک نہیں؟
وینا ملک نے کہا کہ ’میں جتنا جانتی ہوں اس حساب سے جنک فوڈز کھلاڑیوں کے لیے مضر صحت ہے آپ کو تو یہ لازمی پتہ ہونا چاہیے بطور ایک والدہ اور خود کھلاڑی ہونے کی حیثیت سے‘۔
چونکہ ثانیہ مرزا بھارتی ٹینس اسٹار ہیں اور شعیب ملک کی اہلیہ بھی تو یہ ناممکن ہی تھا کہ وہ وینا ملک کی ٹوئٹ کا جواب نہ دیتیں۔
ثانیہ مرزا نے وینا ملک کو جواب دیتے ہوئے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’وینا ملک میں اپنے بچے کو شیشہ پارلر نہیں لے کر گئی اور یہ آپ کا یا کسی کا مسئلہ نہیں، میں اپنے بچے کا خیال کسی سے بھی کئی زیادہ کرتی ہوں‘۔
انہوں نے لکھا کہ ’دوسری بات یہ کہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ماہر غذائیت نہیں اور نہ ہی ماں، پرنسپل یا ٹیچر ہوں ‘۔
بعدازاں ثانیہ مرزا نے ایک اور طنزیہ ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ کب وہ سوتے، جاگتے اور کھاتے ہیں آپ کی فکر کا شکریہ، یہ قابل معنی ہے‘۔
اس پر وینا ملک نے ثانیہ مرزا کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’سُن کر خوشی ہوئی کہ آپ بچے کو ساتھ لے کر نہیں گئیں اور میں نے کہاں نشاندہی کی کہ آپ پاکستان کرکٹ ٹیم کی ماہر غذائیت یا پھر ماں ہیں؟
وینا ملک نے لکھا کہ ’میں نے کہا تھا کہ آپ کھلاڑی ہیں اور آپ لازمی جانتی ہیں کہ ایک کھلاڑی کیلئے فٹنس کتنی زیادہ اہم ہوتی ہےم، اس کے علاوہ کیا آپ ایک کرکٹر کی اہلیہ نہیں؟ کیا آپ کو ان کی صحت کا خیال نہیں رکھنا چاہیے؟
وینا ملک کا کہنا تھا کہ ’آپ کی ٹوئٹ یہ واضح کرتی ہے کہ میرا میرے ملک کے لیے اور کرکٹ ٹیم کے لیے فکرمند ہونا آپ کو بہت زیادہ پریشان کرگیا ہے‘۔
انہوں نے ثانیہ مرزا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مزید لکھا کہ ’بہت شکریہ آپ نے دنیا کے سامنے اپنے آپ کو نمایاں، کیا اب آپ نے اپنے حقیقی رنگ دکھائے ہیں‘۔