آسٹریلیا نے سری لنکا کو ہرا دیا

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے 20ویں میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 335 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری سری لنکن ٹیم 46ویں اوور میں 247 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

اوول گراونڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور مقررہ 50 اوورز میں آسٹریلیا نے سات وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنائے تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے انتہائی جارحانہ آغاز کیا تاہم مڈل آرڈر بلے باز اس تسلسل کو قائم نہ رکھ سکے۔ اننگز کے 33ویں اوور میں وکٹیں گرنے کا ناختم ہونے والے سلسلہ شروع ہوا جو میچ کے آخر تک جاری رہا۔

آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ اور بولر مچل سٹارک نے اپنی ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ فنچ نے 153 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ فنچ نے چار بلے بازوں کو پویلین کی راہ دیکھائی۔ فنچ پلئیر آف دی میچ قرار پائے۔

سری لنکا کی اننگز

آسٹریلیا کو پہلی کامیابی 16ویں اوور میں ملی جب اوپنر کوسل پریرا 36 گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

153 کے مجموعی سکور پر سری لنکا کی دوسری وکٹ گری جب لاہیرو تھیریمانے 16 رنز بنا کر جیسن بیھرنڈورف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز ڈیمتھ کرونارتنے تھے جو 33ویں اوور میں 97 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر کین رچرڈسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 205 کے مجموعی سکور پر اینگلو میتھیوز نو رنز بنا کر کومنس کا شکار بنے۔

37ویں اوور میں 209 کے مجموعی سکور پر میلنڈا سری وردنے صرف تین رنز بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ آؤٹ ہونے والے چھٹے بلے باز تھیسارا پیریرا جنھوں نے سات رنز بنائے۔

کوسل مینڈس 37 گیندوں پر 30 رنز بنانے کے بعد سٹارک کا نشانہ بنے۔ عسورو اوڈانا آؤٹ ہونے والے آٹھویں بلے باز تھے جو صرف آٹھ رنز بنانے کے بعد رچرڈسن کی گیند پر ایرون منچ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ ان کے بعد مالینگا ایک رن بنا کر پویلین لوٹے۔

آسٹریلیا کی اننگز

آسٹریلیا کی جانب سے بنائے گئے 334 رنز میں کپتان ایرون فنچ کے شاندار 153 جبکہ سٹیو سمتھ کے 73 رنز شامل ہیں۔

سری لنکن بولرز کی نپی تلی بولنگ کی بدولت ابتدائی 30 اوورز میں آسٹریلیا نے انتہائی محتاط بلے بازی کی مگر بعد ازاں فنچ اور سمتھ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا کی میچ پر گرفت مضبوط ہو گئی۔ تاہم اننگز کے آخری آٹھ اوورز میں پے در پے گرنے والی پانچ وکٹوں کی وجہ سے آسٹریلیا بڑا ہدف دینے میں ناکام رہا۔

سری لنکا کی طرف سے سپنر ڈی سلوا آٹھ اوورز میں پانچ رنز فی اوور کی اوسط سے 40 رنز دے کر نمایاں بولر رہے، انھوں نے دو وکٹیں بھی لیں۔ جبکہ عسورو اوڈانا نے اپنے 10 اوورز میں 57 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا کو پہلی کامیابی 17ویں اوور میں ملی جب اوپنر ڈیوڈ وارنر 48 گیندوں پر 26 رنز بنا کر سپنر ڈی سلوا کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز عثمان خواجہ تھے جو صرف 10 رنز بنا کر ڈی سلوا ہی کی گیند پر عسورو اوڈانا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

43ویں اوور میں کپتان ایرون فنچ 132 گیندوں پر پانچ چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 153 رنز بنا کر عسورو اوڈانا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز سٹیو سمتھ تھے جو 73 رنز بنا کر مالینگا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

47ویں اوور میں شون مارش صرف تین رنز بنا کر اوڈانا کا شکار بنے۔ اگلے ہی اوور میں ایلکس کارے چار جبکہ پاٹ کومنس بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا نے اس ورلڈ کپ میں اب تک چار میچز کھیلے ہیں جن میں سے اسے تین میں فتح جبکہ ایک میں شکست ہوئی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر چھ پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا کی تیسری پوزیشن ہے۔

دوسری جانب سری لنکا نے کھیلے گئے چار میچوں میں سے ایک میچ جیتا جبکہ ایک ہارا ہے۔ سری لنکا اس حوالے سے بدقسمت رہا ہے کہ اس کے باقی کے دو میچز بارش کی نذر ہونے کے باعث برابر رہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر چار پوائنٹس کے ساتھ اس کی پانچویں پوزیشن ہے۔

کرکٹ کے گذشتہ عالمی مقابلوں میں آسٹریلیا اور سری لنکا نو مرتبہ آمنے سامنے آ چکیں ہیں اور آسٹریلیا کی پلڑا کافی بھاری رہا ہے۔

آسٹریلیا نے سات میچز جیتے ہیں جبکہ سری لنکا نے صرف ایک جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

آسٹریلیا کی ٹیم ایرون فنچ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، سٹیو سمتھ، شون مارش، گلین میکس ول، ایلکس کارے، پاٹ کومنس، میچل سٹارک، جیسن بیھرنڈورف اور کین رچرڈسن پر مشتمل ہے۔

سری لنکا کی ٹیم کپتان ڈیمتھ کارونارتنے کی سربراہی میں اینگلو میتھیوز، دھننجایا ڈی سلوا، عسورو اوڈانا، کوسل مینڈس، کوسل پریرا، لاہیرو تھیریمانے، میلنڈا سری وردنے، نووان پرادیپ، تھیسارا پیریرا اور مالینگا پر مشتمل ہے۔

x

Check Also

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی  انشا آفریدی گزشتہ روز  پیا ...

%d bloggers like this: