چین کی سرحد کے قریب انڈین ایئر فورس کا طیارہ لاپتہ

انڈین ایئر فورس کا طیارہ اے این 32 آسام کے علاقے جور ہاٹ سے لاپتہ ہو گیا ہے۔ 

فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ آسام کے جورا ہاٹ علاقے سے دوپہر بارہ بج کر پچپں منٹ پر ریاست اروناچل پردیش کے مینچکا میں ایڈوانس لینڈنگ گراؤنڈ کے لیے روانہ ہوا تھا لیکن کچھ ہی دیر بعد طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

طیارے کا ائیر ٹریفک کنٹرول سے آخری رابطہ دوپہر ایک بجے ہوا تھا۔

ترجمان کے مطابق اس طیارے پر عملے کے آٹھ افراد سمیت 13 افراد سوار تھے۔

طیارہ جب وقت پر مینچکا ایڈوانس لینڈنگ گراؤنڈ نہیں پہنچا تو اس کی تلاش شروع کر دی گئی۔

ونگ کمانڈر رتناکر سنگھ نے مقامی نامہ نگار دلیپ کمار شرما کو بتایا کہ طیارے کی تلاش میں فوج اور آئی ٹی بی پی کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔

2016 میں بھی انڈین ائر فورس کا اے این 32 طیارہ لاپتہ ہو گیا تھا اس وقت یہ طیارہ چنئی سے روانہ ہوا تھا اور نکوبار جزائر جا رہا تھا لیکن خلیجِ بنگال پر اڑتے ہوئے لاپتہ ہو گیا تھا۔

اس کے بعد اس طیارے کی تلاش شروع ہوئی تھی۔انڈین ائر فورس کی تاریخ میں کسی طیارے کی تلاش کی سب سے بڑی مہم تھی۔جس میں ناکامی ہاتھ آئی تھی اور طیارے کا کچھ پتہ نہیں چل سکا اس وقت اس طیارے میں 29 لوگ سوار تھے۔

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ انہوں نے اس لاپتہ طیارے کے بارے میں ائر مارشل بھدوریہ سے بات کی ہے۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا ‘ ائر مارشل بھدوریہ نے مجھے لاپتہ طیارے کو تلاش کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی تفصیل بتائی ہے۔ میں طیارے پر سوار لوگو ں کی خیریت کی امید کرتاہوں’۔

x

Check Also

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے فیکٹری کے سری لنکن منیجر پریانتھا ...

%d bloggers like this: