اداکارہ میرا کی فلم ’’باجی‘‘ کا دھماکے دار ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے جس میں ایک کامیاب اداکارہ کے عروج اور زوال کی کہانی کو بڑی خوبصورتی سے فلمایا گیا ہے۔
پاکستانی اسکینڈل کوئین اداکارہ میرا طویل عرصے بعد فلم ’’باجی‘‘ کے ذریعے فلم انڈسٹری میں واپسی کررہی ہیں۔ فلم کے ٹیزرمیں ان کے اسٹائل اوراداکاری نے سب کو متاثر کیا تھا جسے دیکھ کرناقدین بھی میرا کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے تھے اورفلمی شائقین اس فلم کو میرا کی فلموں میں دھماکےدار واپسی قرار دے رہے تھے۔
فلم کے شاندارٹیزرکے بعد شائقین کو بے چینی سے اس کے مکمل ٹریلر کا انتظارتھا جو جاری کردیا گیا ہے۔ ٹریلر سے فلم کی مکمل کہانی سامنے آجاتی ہے جس میں ایک کامیاب اداکارہ شمیرا کے عروج و زوال کو بڑی خوبصورتی سے فلمایا گیا ہے۔ فلم میں شمیرا کا کردار اداکارہ میرا ادا کررہی ہیں جس کا کیریئر دس سال تک فلم انڈسٹری پر راج کرنے کے بعد اور بڑھتی عمر کے باعث اب زوال کی جانب گامزن ہے۔
فلم میں دوسرا اہم کردارماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس اداکررہی ہیں جو فلم میں میرا کی جگہ لینے کی کوشش کرتی ہیں۔ ڈراما اور دلچسپی سے بھرپو فلم کی دیگر کاسٹ میں عثمان خالد بٹ، محسن عباس حیدر اورعلی کاظمی شامل ہیں۔ فلم 28 جون کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔