ورلڈکپ کا آغاز

ورلڈکپ 2019 کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کی جنوبی افریقہ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے جہاں عمران طاہر نے پہلے ہی اوور میں میزبان ٹیم کو ایک وکٹ سے محروم کردیا۔

اوول کے تاریخی میدان میں ہونے والے اس میچ میں ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیوپلیسی نے کہا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتے تو پہلے باؤلنگ کرنے کا ہی فیصلہ کرتے، مزید کہا کہ پوری تیاری کے ساتھ میگا ایونٹ میں جارہے ہیں۔

ایون مورگن ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ ان کے ہمراہ ٹیم میں جیسن رائے، جوز بٹلر، جونی بیئرسٹو، جو روٹ، بین اسٹوکس، معین علی، عادل رشید، لیام پلنکیٹ، جوفرا آرچر اور کرس ووکس شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کی قیادت فاف ڈیوپلیسی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ہاشم آملہ، ایڈن مارکرام، روسی فینڈر ڈوسن، کونٹنگ ڈی کوک، جے پی ڈومینی، ایڈائل پھیلوکوایو، کگیسو رابادا، عمران طاہر اور ڈوین پریٹوریئس اور لنگی نگیدی شامل ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیموں کی جانب سے بھرپور تیاری کی گئی ہے اور اہم کھلاڑی بھی اہم میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے کو تیار ہیں۔

جنوبی افریقہ کے لیے اس میچ میں تجربہ کار فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین کی خدمات حاصل نہیں ہیں کیونکہ وہ زخمی ہوکر اس میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

انگلینڈ کے بلے بازوں نے پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، بالخصوص جیسن روئے اور جونی بیئراسٹو نے طویل شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو سیریز میں 0-4 کی شان دار کامیابی دلائی

ایک روز قبل میزبان ٹیم کے کپتان آئن مورگن کا کہنا تھا کہ ہوم گراؤنڈ میں ورلڈ کپ جیت کر کرکٹ میں حیران کن کارنامہ انجام دے سکتے ہیں۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیوپلیسی نے اپنی ٹیم کو متوازن قرار دیتے ہوئے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ دباؤ میں آئے بغیر بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں۔

خیال رہے کہ اس ورلڈ کپ میں کرکٹ کی سرفہرست 10 ٹیمیں حصہ لے رہیں اور تمام ٹیمیں آپس میں کھیلیں گی جس کے بعد سرفہرست 4 ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل ہوگا۔

پاکستان ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی جو ناٹنگھم کے میدان پر کھیلا جائے گا۔

x

Check Also

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی  انشا آفریدی گزشتہ روز  پیا ...

%d bloggers like this: