رمضان میں سوشل میڈیا کا استعمال بڑھ گیا

رمضان المبارک کے مہینے میں دن بھر روزے رکھنے اور عبادت کرنے کا مقصد عبادت گزاروں کو خدا کے قریب لانا اور دنیاوی زندگی سے دور کرنا ہے تاہم ٹیکنالوجی نے اس کا مقصد تبدیل کردیا ہے۔

مشرق وسطیٰ میں رمضان المبارک کے مہینے میں 5 کروڑ 80 لاکھ اضافی گھنٹے فیس بک پر گزارے گئے جبکہ یوٹیوب پر بھی بیوٹی ٹپس، کھانے پکانے کی ترکیبوں، کھیل اور ٹی وی ڈراموں کی ویڈیوز دیکھنے میں بھی سال کے دیگر مہینوں کے مقابلے میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے یہ اشتہاروں کے لیے سال کا پرائم ٹائم بن گیا ہے۔

فیس بک جس کی ملکیت میں انسٹاگرام بھی ہے اور گوگل جو یوٹیوب کا بھی مالک ہے نے خطے میں کاروبار میں کئی گنا اضافہ دیکھا۔

فیس بک کے منیجنگ ڈائریکٹر برائے مشرق وشطیٰ اور شمالی افریقہ رمیز شاہدی کا کہنا تھا کہ ‘ہماری ویب سائٹ کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘لوگ رمضان کے دنوں میں رات کے وقت زیادہ جاگتے ہیں اور افطار اور سحری سے قبل اوقات میں سوشل میڈیا کے استعمال میں اضافہ ہوجاتا ہے جبکہ اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ دفتروں کے اوقات بھی کم ہوجاتے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘رمضان المبارک میں عام مہینوں کے مقابلے میں 20 لاکھ گھنٹے اضافی لوگ فیس بک دیکھ رہے ہیں’۔

گوگل کے مطابق خطے میں رمضان کا مہینہ انتہائی اہم ہوتا ہے اور یوٹیوب پر ٹی وی ڈراموں کو دیکھنے میں 151 فیصد اضافہ سامنے آیا ہے۔

رمضان کے مہینے میں اشتہارات پر اتنا زیادہ خرچ کیا گیا کہ گوگل نے ‘دی لینٹرن ایوارڈ’ متعارف کرایا تاکہ سب سے منفرد اور زیادہ دیکھے جانے والے اشتہار کو اعزاز دیا جاسکے۔

گوگل نے رمضان کے مہینے میں یوٹیوب پر گزارا گیا وقت تو نہیں بتایا تاہم اس کا کہنا تھا کہ مصر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں کھیلوں کی ویڈیوز میں 22 فیصد، سفر کی ویڈیوز میں 30 فیصد اور ویڈیو گیمز کے دیکھے جانے میں 10 سے 20 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

گوگل کے مطابق عوام نے یوٹیوب پر مذہبی ویڈیوز بھی عام مہینوں سے 27 فیصد زیادہ دیکھیں۔

گوگل کی مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے ہیڈ آف کمیونکیشن جوئس باز نے کہا کہ ‘ہمارے لیے، یوٹیوب لوگوں کو ایک جگہ اکٹھا کرتا ہے، ہم نے دیکھا ہے کہ کئی لوگ ایک ساتھ بیٹھ کر ویڈیوز دیکھنا چاہتے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ گوگل کی مصنوعات جیسے اس کا سرچ انجن لوگوں کی زندگیاں آسان کرنے کے لیے ہے جیسے گوگل کی قبلہ تلاش کرنے والی ایپلی کیشن مسلمانوں کو مکہ کی سمت بتاتی ہے تاکہ وہ جہاں بھی ہیں، اس سمت میں اپنی عبادت کرسکیں۔

گوگل کا کہنا تھا کہ رواں سال رمضان کے پہلے ہفتے میں مصر، عراق اور سعودی عرب میں سب سے زیادہ، گیم آف تھرونز، نماز کے اوقات، رمضان کے ٹی وی شوز، فلم کے اوقات اور انگلش پریمیئر لیگ کے نتائج سرچ کیے گئے۔

اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ میں رمضان کے مہینے میں گوگل کے پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ ہونے والی سب سے مشہور ایپلی کیشنز میں اسٹیک بال گیم، اسٹیمنگ ایپ وو اور شاہد اور آن لائن ریٹیلر نون اور جولی شامل ہیں۔

رمضان کے دوران لوگوں کی توجہ گوگل پر افطار کی جانب بھی رہی جہاں انہوں نے گھریلو پکوان سمیت فائیو اسٹار ہوٹل کے بوفے بھی سرچ کیے، یوٹیوب پر بیوٹی مصنوعات کی تلاش میں 16 فیصد اضافہ بیٹی ٹپس میں 18 فیصد اضافہ سامنے آئے اور گوگل میپ پر مال کی جانب جانے کا 20 فیصد زیادہ رجحان پایا گیا۔

فیس بک اور انسٹاگرام نے مشرق وسطیٰ میں 18 کروڑ صارفین کے لیے خصوصی رمضان آئیکنز بھی جاری کیے۔

انسٹاگرام پر رمضان المبارک کے دوران فلاحی کاموں کے فروغ کے لیے مہم بھی جاری ہے۔

x

Check Also

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے فیکٹری کے سری لنکن منیجر پریانتھا ...

%d bloggers like this: