اسپین کے اہم فٹ بالرز ‘میچ فکسنگ’ کے الزام میں گرفتار

اسپین کی پولیس نے میچ فکسنگ کے الزام میں ملک کے سہرفہرست فٹ بالرز سمیت کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے ملک بھر میں 9 کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں 11 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن سے مقامی لیگ کے دوران فکسنگ کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘گرفتار افراد میں موجودہ اور سابق اہم کھلاڑی بھی شامل ہیں جبکہ ایک کلب کے صدر اور ڈائریکٹرز کو بھی گرفتار کیا گیا ہے’۔

اسپین کی سر فہرست فٹ بال لیگ لالیگا کے حکام کا کہنا تھا کہ انہوں نے حکام سے ممکنہ غیر قانونی اسکیم کے حوالے سے رابطہ کیا تھا اور ان کے ساتھ مل کر اس معاملے پر کام کررہے ہیں۔

لالیگا کے بیان کے مطابق ‘تفتیش شروع کردی گئی ہے اور جن کھلاڑیوں نے فرسٹ، سیکنڈ اور تھرڈ ڈویژن کے میچوں میں فکسنگ کی ہے انہیں زیر تفتیش لایا گیا ہے’۔

اسپین کے کلب ہوئیسکا کے وکیل نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کلب سے کئی افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جس کے لیے مقامی عدالت سے وارنٹ بھی جاری کیے گئے تھے۔

خیال رہے کہ مذکورہ کلب کو حال ہی میں اسپین کی سرفہرست ڈویژن سے تنزلی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

لالیگا کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس نے یہ کارروائی مئی 2018 میں ایک میچ میں فکسنگ کی شکایت پر شروع کی ہے۔

پولیس نے اس حوالے سے کہا کہ سیکنڈ ڈویژن کے ایک میچ میں معمول سے ہٹ کر 14 گنا زیادہ رقم کی شرط لگائی گئی تھی تاہم انہوں نے کسی ٹیم کا نام نہیں لیا۔

واضح رہے کہ اسپین کی پولیس اور فٹ بال انتظامیہ نے گرفتار ہونے والے کھلاڑیوں اور انتظامی عہدیداروں کے نام تاحال میڈیا کو نہیں بتائے اور نہ ہی مقامی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں کسی کھلاڑی کا نام لیا۔

x

Check Also

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی  انشا آفریدی گزشتہ روز  پیا ...

%d bloggers like this: