نواز شریف کا یوم تکبیر کے موقع پر قوم کے نام جیل سے پیغام

نواز شریف کا یوم تکبیر کے موقع پر قوم کے نام جیل سے پیغام

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر قوم کے نام کوٹ لکھپت جیل سے پیغام جاری کیا ہے۔ 

سابق وزیراعظم کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ 28 مئی پاکستانی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش دن ہے، اس دن ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا گیا، جب پاکستان ایک ایٹمی قوت کے تعارف کے ساتھ دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر قومی غیرت، قوم کی بے مثال جرات اور بہادری کی علامت کا دن ہے، یوم تکبیر پیغام ہے کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کا مظاہرہ کرنے والوں کا انجام عبرت ناک ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج سے 21 سال پہلے جب یہ فیصلہ کیا تو طرح طرح کے چیلنجوں کا سامنا تھا، اقتصادی پابندیوں کی دھمکیاں اور اس اقدام کو ناقابل معافی جرم کے طور پر پیش کیا جا رہا تھا، دوسری طرف دھماکا نہ کرنے کے عوض اربوں ڈالرز کی پیشکش کی جا رہی تھی لیکن ہم نے اللہ تعالیٰ کے بھروسے اور عوام کی تائید کے بل بو تے پر چیلنجوں کو قبول کیا اور پاکستان کے وقار کاعلم سر بلند رکھا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 28 مئی پاکستانی قوم کے نہ جھکنے کے اعلان کا دن ہے، قوم کا سر فخر سے بلند رکھنے کی پاداش میں جلا وطنی اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد کے مطابق گزشتہ دور میں معیشت کو مستحکم کرکے سی پیک کی شکل میں معاشی دھماکا کیا، عالمی سازشوں نے ایک دفعہ پھر سر اٹھا لیا جس کے نتیجے میں آج مجھے اپنی سانسوں کا بھی حساب دینا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا ایک اصولی مؤقف ہے کہ دنیا میں پاکستان خود مختار اور پاکستانی خود اختیار رہیں، اس نظریے کی سزا میں پہلے بھی بھگت چکا ہوں اور اب بھی بھگت رہا ہوں لیکن جیل کی اس کال کوٹھری سے ہم وطنوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ آپ کے آئینی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ عوام کی بالادستی، ووٹ کی عزت، پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری پر نہ پہلے سمجھوتہ کیا ہے نہ اب کروں گا، پاکستان اور پاکستانی عوام کو ان کی منزل دلا کر رہیں گے۔ 

یاد رہے کہ بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی کے مقام پر 5 کامیاب ایٹمی تجربات کیے تھے جس کے بعد اس دن کو ’یوم تکبیر‘ کے نام سے یاد رکھا جاتا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف ان دنوں العزیزیہ کیس میں 7 سال قید کی سزا لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں کاٹ رہے ہیں۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: