ڈمپل گرل، بالی ووڈ میں عالیہ اور پاکستان میں ہانیہ!!

ڈمپل گرل، بالی ووڈ میں عالیہ اور پاکستان میں ہانیہ!!

پاکستان میں بسنے والے فن کار اپنے جنون سے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیتے ہیں۔ ایسی ہی ایک کم عمر فن کارہ ہانیہ عامر ہیں، جو نہایت قلیل عرصے میں شو بزنس انڈسٹری میں توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔

بلال اشرف کی فلم ’جانان‘ میں ہانیہ عامر نے اپنا شاندار ڈیبیو کیا تھا۔ اپنی پہلی ہی فلم میں ناقدین فلم کو بتادیا کہ آنے والا وقت ان کا ہے۔ جانان کے بعد ہانیہ کو مزید دو فلمیں مل گئیں، وہ نوجوان ہدایت کار نبیل قریشی کی فلم ’نامعلوم افراد ٹو‘ میں شاندار اداکاری کر کے فلم بینون کی بھرپور توجہ حاصل کی اور بعد ازاں وہ خاتون پروڈیوسر مومنہ درید کی فلم ’پرواز ایک جنون‘ میں حمزہ علی عباسی کے مدِ مقابل لیڈنگ رول میں جلوہ گر ہوکر دُھوم مچادی۔

علاوہ ازیں انہیں ٹی وی کمرشل اور ڈراموں میں بھی بے حد پسند کیا جارہا ہے۔ ڈراما سیریل ’تتلی‘ میں ان کی اداکاری کو بہت سراہا گیا۔ کم عمری میں چار پانچ فلموں میں کاسٹ کیا جانا کوئی معمولی بات نہیں ہے۔

جنگ سے بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ میں کبھی اداکارہ بننا نہیں چاہتی تھی، حادثاتی طور پر شوبزنس کی چمکتی دمکتی دنیا میں داخل ہوگئی۔ میں تو اپنی پڑھائی میں مصروف تھی۔ ابھی سوچ ہی رہی تھی کہ مجھے اب میڈیکل پڑھنا ہے یا بزنس کرنا ہے۔ اس عرصے میں مجھے پروڈیوسر کی کال آئی اور میں آڈیشن کے لیے چلی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے دیکھتے ہی پروڈیوسر اور ڈائریکٹر نے کہا کہ تم ہماری فلم کا کردار لوگی، ہم نے تم کو دیکھ لیا، ہم مطمئن ہوگئے ہیں۔ اس طرح مجھے فلم ’جانان‘ میں کاسٹ کرلیا گیا تھا۔ شوٹنگ کے پہلے دن میں بہت ڈری ہوئی تھی، رات کے تین بج گئے تھے، گھر سے ٹیلی فون آرہے تھے، بہت دیر ہوگئی تھی، لیکن فلم کے سیٹ پر میرے کام کی بہت تعریفین ہورہی تھیں۔ پہلے دن ملنے والی پذیرائی نے میرے حوصلے بلند کیے اور اس طرح میں شوبزنس میں متعارف ہوگئی۔ میری پہلی ہی فلم کامیاب ہوئی، اس کے بعد اب دو چار فلموں میں کام کر لیا ہے۔

بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ سے آپ کو کیوں ملایا جاتا ہے؟ اس سوال کے جواب میں وہ بولیں کہ مجھے پاکستان میں زیادہ کام ملنے کی بہت بڑی وجہ عالیہ بھٹ رہی ہیں۔ کسی بھی پروڈیوسر کو کم عمر اداکارہ، چہرے پر معصومیت اور ڈمپل والی لڑکی کی ضرورت ہو تو وہ مجھ سے فوراً رابطہ کرتے ہیں۔

عالیہ بھٹ بھارت میں اگر کسی برانڈ کے کمرشل میں کام کرتی ہیں، تو وہ کمپنی پاکستان میں مجھے منتخب کرلیتی ہے۔ میں عالیہ بھٹ کی بہت شکر گزار ہوں۔ اپنے ہر انٹرویوز میں ان کا ذکر لازمی کرتی ہوں اور اگر کبھی ملاقات ہوئی تو بے حد خوشی ہوگی۔ وہ بہت اچھی اداکارہ ہیں۔ میں نے ان کی کئی فلمیں دیکھی ہیں۔ میں عالیہ بھٹ کی زبردست مداح ہوں۔

حیرت انگیز طور پر میری فیملی میں سے کوئی بھی شوبزنس میں کام نہیں کرتا۔ ہم دو بہنیں ہیں، مجھ سے چھوٹی بہن ابھی پڑھ رہی ہے، امی کو زمانہ طالب علمی میں اداکاری کا شوق تھا، لیکن انہوں نے اسے پروفیشن نہیں بنایا۔

ہانیہ عامر نے بتایا کہ میں کراچی میں پیدا ہوئی ،لیکن اب اسلام آباد میں رہتی ہوں۔ دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا کی اداکاری اچھی لگتی ہے۔ زنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کمال کی پرفارمنس دیتے ہیں جبکہ پاکستان میں ماہرہ خان کی سب سے بڑی فین ہوں۔ ان کی فلم کامیاب ہو یا ناکام، مجھے تو پہلا شو دیکھنا ہوتا ہے۔ کبھی کبھی سوشل میڈیا پر فین کی حیثیت سے ان سے باتیں بھی کرتی ہوں۔

x

Check Also

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

آسکر اکیڈمی ایوارڈ یافتہ، پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے نے ایک اور عزاز حاصل کر ...

%d bloggers like this: