اسکارلٹ جانسن کی منگنی

اداکارہ اسکارلٹ جانسن نے خاموشی سے اپنی دیرینہ دوست سے منگنی کرلی اور اطلاعات ہیں کہ وہ جلد ہی تیسری بار شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔

’بلیک وڈو، اوینجرز: اینڈ گیم، فال اور نارتھ‘ سمیت درجنوں فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے اور متعدد ایوارڈ جیتنے والی 34 سالہ اداکارہ اس سے قبل 2 شادیاں کر چکی ہیں۔

اسکارلٹ جانسن نے پہلی شادی کینڈین اسٹار ریان رونلڈس سے 2008 میں کی تھی، دونوں کے درمیان شادی سے 2 سال قبل ہی تعلقات استوار ہوئے تھے اور 2007 میں منگنی کرنے کے بعد انہوں نے اگلے سال ہی شادی کی تھی۔

تاہم اسکارلٹ جانسن کی پہلی شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور انہوں نے 2010 میں شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی اور 2011 میں ان کی طلاق ہوگئی۔

پہلی شادی کی ناکامی کے ایک سال بعد ہی اداکارہ نے فرانسیسی صحافی رومین ڈیوریک سے تعلقات استوار کرلیے اور 2012 میں انہوں نے شادی کرلی۔

جوڑے کے ہاں ایک بچی بھی ہوئی لیکن ان دونوں کی شادی بھی زیادہ عرصے تک نہ چل سکی اور 2014 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔
بعد ازاں اسکارلٹ جانسن کی جانب سے دیگر چند ساتھی اداکاروں سے تعلقات استوار کرنے کی خبریں بھی آتی رہیں، تاہم ان کی تصدیق نہ ہوسکی۔

تاہم اب اداکارہ نے خاموشی سے دیرینہ دوست سے منگنی کرکے سب کو حیران کردیا۔

اسکارلٹ جانسن اداکاری کے باعث متعدد ایوارڈز جیت چکی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق اسکارلٹ جانسن نے 20 مئی کو خاموشی سے دیرینہ دوست اور ٹی وی اداکار و کامیڈین کولن جوسٹ سے منگنی کرلی۔

رپورٹ کے مطابق اسکارلٹ جانسن اور 36 سالہ کولن جوسٹ کے درمیان 2017 میں تعلقات استوار ہوئے اور اس وقت سے دونوں کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا۔

ماضی میں دونوں ایک دوسرے سے تعلقات سے متعلق دبے الفاظ میں بات کر چکے ہیں، تاہم انہوں نے کبھی بھی واضح طور پر اپنی محبت کو تسلیم نہیں کیا تھا۔

جانسن رواں برس کے آخر یا آئندہ سال کے آغاز تک تیسری بار شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔

اداکارہ کی پہلی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں—فوٹو: انسٹاگرام
خیال رہے کہ34 سالہ اسکارلٹ جانسن نے اداکاری کی شروعات 1994 میں ریلیز ہونے والی فلم ’نارتھ‘ سے کی، تاہم انہیں شہرت 1996 میں ریلیز ہونے والی فلم ’فال‘ اور 1997 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہوم الون 3‘ سے ملی۔
اب تک وہ 80 کے لگ بھگ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، انہوں نے کئی فلموں کو پروڈیوس بھی کیا ہے۔

حال ہی میں ان کی ریلیز ہونے والی فلم ’اوینجرز: اینڈ گیم‘ نے کمائی کے نئے ریکارڈ بنائے تھے، اس فلم میں ان کے ساتھ کئی میگا اسٹار شامل تھے۔


کولن جوسٹ سے اداکارہ کے گزشتہ تین سال سے تعلقات تھے—فائل فوٹو: یو ایس ہولا

One comment

  1. Pingback: Dunya Today

x

Check Also

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

آسکر اکیڈمی ایوارڈ یافتہ، پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے نے ایک اور عزاز حاصل کر ...

%d bloggers like this: